
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ملک نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سیل کو مسلم لیگ (ن) کی صدر مریم نواز کی گرفتاری کے لیے خط لکھ دیا ہے۔
عالیہ حمزہ نے وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ، خاتون اوّل بشریٰ بی بی کے خلاف ٹرینڈز چلانے والے صابر محمود ہاشمی کی گرفتاری کی مذمت کرنے پر مریم نواز کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
عالیہ حمزہ کی جانب سے ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کو لکھے گئے خط کے میں کہا گیا کہ “خاتون اول نہ سیاست دان ہیں اور نہ ہی سیاسی بیان دیتی ہیں اور نہ سیاست سے کوئی تعلق ہے۔ اس لیے ان کے خلاف گھٹیا ٹرینڈ گھٹیا باتیں پھیلانا ایک سنگین جرم ہے۔”
خط کے متن میں کہا گیا کہ “اگر ان جیسے لوگوں کو پہلے کڑی سزا ملی ہوتی تو آج کسی یہ ہمت نہ ہوتی کہ خاتون اوّل جیسی باپردہ پاک عورت پر الزامات لگانے کی بات کرتے، یہ سب ناقابل قبول ہے۔”
متن میں بتایا گیا کہ “صابر محمود ہاشمی نامی شخص کو خاتون اوّل کے خلاف ٹرینڈ چلانے پر گرفتار کیا گیا ہے، مریم صفدر اس بارے میں ٹوئٹ کرکے اور ضمانت کی ذمہ داری لے کر یہ اقبال جرم کررہی ہیں کہ خاتون اوّل کے خلاف گھٹیا ٹرینڈز کرنے والا ان کا ملازم دہاڑی دار ہے اور یہ سب مریم صفدر کی ایما پر کیا ہے۔ “
انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ “بے نظیر کی نازیبا تصویروں سے خاتون اوّل پر کیچڑ اچھالنے تک شریف خاندان کی نسل بدل گئی، پر ان کی غلیظ بدبودار ذہنیت نہیں بدلی۔”
شکایتی خط میں کہا گیا کہ بدعنوانی کے پیسے کو بے دریغ استعمال کرکے مریم صفدر ناصرف کردار کشی کرا رہی ہیں، بلکہ اقتدار کی ہوس میں ملک دشمنی جیسے معاملات میں بھی ملوث ہیں، اس کو روکنا ضروری ہو چکا ہے۔”
ایف آئی اے سے مریم صفدر کی گرفتار کی استدعا کرتے ہوئے خط کے آخر میں عالیہ حمزہ نے لکھا کہ “مجھے امید آپ اپنے اختیارات کے اندر رہ کر مریم صفدر کو جلد از جلد گرفتار کریں گے۔”
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News