
شاہ محمود
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اورنج فیسٹیول تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے آج اس اورنج فیسٹیول میں شرکت کر کے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں سفارت کاروں کی کثیر تعداد میں موجودگی میرے لیے باعث مسرت ہے ، میں ڈپلومیٹک کور کے ممبران کا شکرگزار ہوں کہ وہ اسلام آباد سے اس فیسٹیول میں شرکت کیلئے اس تاریخی شہر ٹیکسلا تشریف لائے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایسے فیسٹیول کے انعقاد سے پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنے اور اس حوالے سے آگاہی پھیلانے کا موقع ملتا ہے ، میرے نزدیک ایسے ایونٹ مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان روابط کے فروغ کیلئے پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے ، بدقسمتی سے گزشتہ دو دہائیوں میں دہشت گردی کے عفریت سے نبرد آزما رہنے کے سبب ہم اس جانب صحیح معنوں میں توجہ مرکوز نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اپنی اقتصادی ترجیحات کو آگے بڑھا رہے ہیں ، پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان کے راستے، وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط کو بڑھایا جائے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں افغانستان میں آمن و استحکام نہیں دیکھنا چاہتیں ، افغانستان کی عبوری حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی سر زمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم اپنے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں ، چین کے ساتھ ساتھ ہمارے دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان نے چین کا کامیاب دورہ کیا ہے ، روس کے ساتھ ہمارے تعلقات میں ایک نیا موڑ آ رہا ہے ، ہم کسی کیمپ کا حصہ بنے بغیر سب کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم ہندوستان سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی پالیسی رکھتے ہیں ، مگر بدقسمتی سے ہندوستان سرکار کی ہندتوا سوچ نے پورے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آج ہندوستان کے اندر سے ایک بڑا طبقہ بھارت سرکار کی ناقص پالیسیوں اور انتہا پسندانہ سوچ کے خلاف آواز اٹھا رہا ہے ، کرناٹک میں ایک باہمت لڑکی نے جس طرح انتہا پسندانہ سوچ کے خلاف آواز بلند کی اس نے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو ردعمل دینے پر مجبور کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News