
بڑھتی عمر کے ساتھ انسان کے جسم میں بھی نمایاں تبدیلیاں ہوتی ہیں جیسے کہ مردوں میں 30 سال کی عمر کے بعد مسلز کے حجم میں 3 سے 5 فیصد تک کمی آجاتی ہے۔
اس ہی طرح 40 سال کی عمر کے بعد مسلز بنانے میں مددگار ہارمون ٹسٹوسیٹرون کی سطح میں بھی بتدریج کمی واقع ہوتی ہے۔
مگر یہاں اچھی خبر یہ ہے کہ آپ تھوڑی سی محنت اور توجہ دے کر بڑھتی عمر کے ساتھ مسلز کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں یا یوں کہہ لیجیئے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ آنے والی اس قدرتی تنزلی کی رفتار سست یا ریورس بھی کرسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بڑھتی عمر کے ساتھ مسلز کو مضبوط اور بہتر بنانے کے لئے آپ کو ویٹ لفٹنگ یعنی وزن اُٹھانا چاہیئے، ایسا کرنا آپ کے مسلز کو مضبوط اور آپ کو جوان رکھ سکتا ہے، ایسا کرنے سے نہ ہی آپ کمزوری کا شکار ہوں گے اور نہ ہی آپ کا جسم ڈھلے گا۔
ہارورڈ یونیورسٹی سے منسلک Spaulding Rehabilitation ہاسپٹل کے فزیکل تھراپسٹ شان پیڈیسنی نے اس حوالے سے بتایا کہ ویٹ ٹریننگ اپنے مسلز کے حجم کو برقرار رکھنے بلکہ بڑھانے کا بہترین طریقہ ہے ورنہ دوسری صورت میں آپ عمر بڑھنے سے مسلز مضبوطی اور قوت سے محروم ہوسکتے ہیں۔
اس کے لئے آپ کو درمیانی عمر سے ہی ویٹ ٹریننگ لے کر اس کی عادت بنا لینی چاہیئے، آپ کو شروعات میں ٹرینر کی خدمات لینی ہوں گی، کیونکہ ایک اچھا ٹرینر آپ کے لیے ایک پروگرام تشکیل دے سکتا ہے اور آپ کو درست تیکنیک بھی سیکھا سکتا ہے۔
ان ٹرینر سے بنیادی تربیت حاصل کرنے کے بعد آپ خود آگے بڑھ سکتے ہیں۔
مسلز کو بہتر بنانے کے لئے فری ویٹ آپ کے لئے مددگار
ثابت ہوتے ہیں، جیسے ڈمبلز، کیٹل بیلز اور باربیلز سے ٹریننگ مسلز بنانے کے لیے اکثر مشینوں سے زیادہ بہتر ثابت ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یوں تو مسلز کے حجم کو کم ہونے سے روکنے کے لیے پورے جسم کی ورزش کی ضرورت ہوتی ہے مگر درمیانی عمر میں مردوں کو ٹانگوں کے مسلز پر خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق ٹانگون کے مسلز روزمرہ کی متعدد سرگرمیوں جیسے اٹھنے بیٹھنے اور سیڑھیاں چڑھنے کا حصہ بنتے ہیں تو ان کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
اس حوالے سے اٹھک بیٹھک، ڈیڈ لفٹ وغیرہ ٹانگوں کے مسلز بنانے کے لیے بہترین ورزشیں ہیں۔
مسلز کا حجم بڑھانے یا برقرار رکھنے کے لئے ویٹ لفٹنگ میں بیلنس ہونا ضروری ہے، ماہرین ہدایت دیتے ہیں کہ لفٹنگ کو 7 سیکنڈ ٹیمپو میں مکمل کرنا چاہیے، یعنی 3 سیکنڈ میں ویٹ لفٹ کرنا، ایک سیکنڈ رکنا اور 3 سیکنڈ نیچے کرنا۔
ویٹ لفٹنگ ٹولز کو کم از کم 8 مرتبہ اٹھانا چاہیئے تاہم اگر وزن اوپر نیچے نہیں کیا جارہا تو پھر یہ عمل اپنی سہولت کے مطابق آرام سے مسلز کو تھکائے بغیر مکمل کریں۔
تاہم یہ یاد رکھیں کہ مسلز اسی صورت میں مضبوط ہوتے ہیں جب آپ ان میں مزاحمت کا اضافہ کریں۔
ماہرین کے مطابق ہفتے میں 2 دن فل باڈی ٹریننگ سے مسلز کی مضبوطی میں نمایاں بہتری آسکتی ہے اور ورزش کو معمول بنانے سے آپ 4 سے 6 ہفتوں میں نتائج کو محسوس کر لیں گے۔
واضح رہے کہ مسلز کو ریکوری کے لیے ورزش کے مزید سیشنز میں کم از کم 48 گھنٹے کا وقفہ ضرور دیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News