پشاور میں دھماکے کی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے دھماکے کی مذمت کی اور ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
محمود خان نے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی، صوبائی کابینہ اراکین بیرسٹر محمد علی سیف اور کامران بنگش کو فوری طور پر اسپتال پہنچنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ عبادت گاہ میں نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور ظالمانہ فعل ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس بہیمانہ واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پی سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں مسجد میں دھماکا ہوا جس میں 30 افراد شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں دھماکا مسجد کے اندر نماز شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہوا جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں، دھماکے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ریسکیو کی ٹیموں نے امدادی کارروائی شروع کردی ہیں، ریسکیو 1122 کی 15 ایمبولینسز موقعے پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 40 کے قریب زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی توعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بیشتر شدید زخمی ہیں، زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے باعث ایل آر ایچ میں ریڈ الرٹ اضافی طبی عملے کو بلایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے حملہ آور نے پولیس پر فائرنگ کی، بعدازاں حملہ آور نے خود کو اڑا لیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
