
پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، شہری علاقوں پر دھند کے باعث حد نگاہ 10میٹر جبکہ دیہی ایریاز میں 5 میٹر ہوگئی ہے۔
پنجاب کے شہر ڈجکوٹ اور گردونواح کے علاقوں میں فوگ اور اسموگ چھا گئی ہے، جس کے باعث ناک، کان اور گلے کی بیماریاں جنم لینے لگی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ڈجکوٹ میں اسموگ اور فوگ کا حالیہ سلسلہ مزید ایک ہفتہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ اسموگ، فوگ یعنی دھند اوراسموگ یعنی دھویں سے ماخوذ ایک اصطلاح ہے، یہ ایک فضائی آلودگی ہے، جو انسان کی دیکھنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق موسم گرما جانے کے ساتھ ہی جب دھند بنتی ہے تو یہ فضا میں پہلے سے موجود آلودگی کے ساتھ مل کر اسموگ بنا دیتی ہے۔
اس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔
دسمبر1952ء میں لندن میں فضائی آلودگی کی لہر کو’گریٹ اسموگ‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، لندن میں آلودہ دھند کی وجہ سے12ہزار سے زائد افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News