 
                                                      علیم خان
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان جہانگیر ترین سے ملاقات کے لیے لندن پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی نوازشریف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابق سینئر وزیر علیم خان لندن میں جہانگیرترین سے اہم ملاقات کریں گے جس میں پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی اور اپوزیشن سے ہاتھ ملانے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نئی سیاسی جماعت پر بھی مشاورت کریں گے اور فی الوقت جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان گروپ کسی سیاسی جماعت میں ضم نہیں ہوگا تاہم اگلے عام انتخابات میں جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان بڑے سیاسی اتحاد کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد علیم خان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے بھی ملاقات متوقع ہے جس میں وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی سمیت ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں؛ جہانگیر ترین گروپ نے مائنس بزدار کے لیے چوہدری پرویز الہیٰ سے مدد مانگ لی
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو رخصت ملنے کی صورت میں عبدالعلیم خان اور (ن) لیگ کا مشترکہ وزیراعلی پنجاب لایا جائے گا جب کہ عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کی صورت میں عام انتخابات میں اپوزیشن جہانگیر ترین گروپ کے مخالف امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔
دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ نے مائنس بزدار کے بعد ہی حکومت سے بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں اپنا استعفیٰ پیش کیا تاہم وزیراعظم نے ان کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کردیا۔
واضح رہے عبدالعلیم خان ورجن اٹلانٹک ائیر کی پرواز وی ایس 379 کے زریعے لندن روانہ ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 