بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کو خطرناک موڑ پر لا کھڑا کردیا گیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ پاکستان پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج آئین کی پاسداری کے عہد سے تجدید اور وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے قوم کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے ان بزرگوں کی بھی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے قراردادِ پاکستان کی شکل میں ایک منزل متعین کی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے اس عظیم منزل کو حاصل کرنے کے لئے جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا تھا، پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے آج تک قائداعظم کی سوچ اور ویژن پر عمل پیرا ہے۔
انکا کہنا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا اور دفاع کے لئے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے لئے طویل جدوجہد کی اور آئین کو اصل شکل میں بحال کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملکی دفاع کے لئے میزائیل ٹیکنالاجی کا تحفہ بھی دیا اور صدر آصف علی زرداری نے اٹھارویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ اور پاک، چین تجارتی راہداری جیسے بیشمار اقدام اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ملک کو خطرناک موڑ پر لا کھڑا کردیا گیا ہے، قوم کے سامنے آئین کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، ماضی کی طرح عوام کو اِس بار بھی تحمل، تدبر اور جہد مسلسل کے ذریعے یہ لڑائی جیتنی ہوگی۔
پی پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ مضبوط ریاست، مستحکم جمہوریت، نموپذیر معیشت اور مساوات پر مبنی معاشرے کا قیام صرف 1973ع کے آئین پر عملدرآمد میں پنہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آخری وقت تک لڑے گی، آئین و جمہوریت کا تحفظ اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیئے جدوجہد کرے گی، پیپلز پارٹی نے پہلے ملک کو بچایا، اب ملک کو تمام مشکلات اور بحرانوں سے باہر نکالے گی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ مجھے آج بھی اپنے کشمیری بھائی یاد آرہے ہیں، جو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں، میں مقبوضہ کشمیر کی غیور عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر پی پی پی چیئرمین نے ملک کی دفاع کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے مسلح افواج اور سول اداروں کے افسران و جوانوں کو بھی خراج عقیدت کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
