موبائل کی انقلابی ایجاد نے جہاں رابطوں کو سہل بنادیا ہے وہی اس کے نت نئے فیچرز صارفین کو اس اہم ایجاد کی خریداری کی طرف مائل کرتے ہیں۔
یوں تو دنیا بھر میں بہت سی معروف موبائل کمپنیاں ہیں لیکن ان میں چند ہی صارفین کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں ان ہی میں ایپل سر فہرست ہے۔
ایپل کی مصنوعات دنیا بھر میں اپنی ٹیکنالوجی اور معیار کی بنا پر سب سے زیادہ فروخت ہو تی ہیں۔
اس کمپنی کی جانب سے اب تک اسمارٹ فون کے ضمن میں کئی شاہکارمتعارف کروائے جاچکے ہیں جو نت نئے اور بہترین فیچر کی بدولت صارفین کی جانب سے پزیرائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایپل رواں برس ستمبر میں اپنی 14 سیریز متعارف کروانے جارہا ہے۔
اس حوالے سے کمپنی نے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے تاہم دوسرے ذرائع سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے اسی حوالے سے ایک نئی رپورٹ کے مطابق اس سیریز میں چھوٹے سائز یعنی آئی فون 14 منی کو پیش نہیں کیا جائے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ آئی فون 14 سیریز بھی ہمیشہ کی طرح 4 فونز پر مشتمل ہوگی تاہم اس میں 5.4 انچ ڈسپلے والے فون کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جاری ہونے والی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ آئی فون 12 منی صارفین کی جانب سے پزیرائی حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا اسی وجہ سے اب یہ افواہیں سامنے آرہی ہیں کہ آئی فون 14 سیریز میں منی ماڈل کو پیش نہیں کیا جائے گا۔
آئی فون 12 منی کو 2020 میں 729 ڈالرزمیں فروخت کے لئے پیش کیا گیا تھا اور اس قیمت میں یہ کسی بھی صورت میں بجٹ فون قرار نہیں دیا جاسکتا۔
رپورٹ کے مطابق یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئی فون 14 سیریز کو 2 کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا، ان میں سے دوماڈلزمیں 2021 کے اے 15 بائیونک پراسیسرکو استعمال کیا جائے گا۔
جبکہ دیگر دو فونز کے لئے ایک بلکل نئے اے 16 پراسیسر کا استعمال کیا جائے گا۔
آئی فون کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوگا جب آئی فونز کی جانب سے متعارف کئے جانے والے دونوں فونز ایک دوسرے سے نمایاں حد تک مختلف ہوں گے ایسا اکثر سام سنگ فونز میں دیکھا جاتا ہے۔

ایپل کی 14 سیریز میں ایک اور حیرت انگیز فیچر جس میں ایپل کی جانب سے سٹلائیٹ کمیونیکشن کنکٹویٹی متعارف کئے جانے کا امکان ہے۔
اس فیچر کو پہلے آئی فون 13 سیریز میں شامل کیا جانا تھا تاہم یہ التوا کا شکار ہوگیا۔
رپورٹ میں اس شاندار فیچر کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے اس کی بدولت صارفین ایسے مقامات پر بھی ایمرجنسی کالزاور میسیجز بھیج سکے گے جہاں سیلولرکوریج موجود نہیں ہوگی یعنی یہ براہ راست سیٹلائیٹ سے منسلک ہوکر کام کرسکیں گے۔
تاہم ابھی تک ایپل کی جانب سے اس نئی رپورٹ میں دی جانے والی معلومات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا اور یہ کمپنی عام طوراس طرح کی افواہوں پر کوئی بیان نہیں دیتی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
