
سعیدغنی نے کہا ہے کہ سڑکوں کی تعمیر کا کام بروقت مکمل کیا جائے۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے پی سی ایچ ایس سوسائٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سڑکوں کی تعمیر کے جاری کام کا جائزہ لیا۔
پی سی ایچ ایس سوسائٹی کے دورے کے دوران صوبائی وزیر کو ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے بریفنگ دی۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کا کام بروقت مکمل کیا جائے اور کسی بھی صورت میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کا کہنا تھا کہ میں خود اپنی نگرانی میں تمام کام کروارہا ہوں، کام معیاری اور بروقت مکمل ہوگا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ، سابق اپوزیشن لیڈر بلدیہ شرقی ذوالفقار قائمخانی، پی پی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، جنرل سیکرٹری لالہ عبدالرحیم، شہزاد ناتھا و دیگر بھی موجود تھے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے عدم اعتماد کے حوالے سے بھی اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسد قیصر نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، نیازی کی وفاداری کا نہیں، آئین اور رولز کے تحت اسپیکر 14 روز میں اسمبلی اجلاس بلانے کا پابند ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر 28 مارچ تک ووٹنگ نا ہونا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، اسپیکر 7 روز میں عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کروانے کا پابند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی پر اسپیکر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے، نیازی سرکار او آئی سی کانفرنس کی آڑ میں آئین کی سنگین خلاف ورزی سے باز رہے۔
سعید غنی نے کہا کہ عمران نیازی اسمبلی میں اکثریت کھونے کے بعد وزیر اعظم کے عہدے پر چمٹا ہوا ہے، عمران نیازی شکست خوردہ ذہنیت کے ساتھ اراکین اسمبلی پر حملے کروا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ نیازی حکومت کے غیر قانونی احکامات ماننے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News