پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف کے 14 ملازمین کی ٹرانزیکشن کے ثبوت حاصل کر لئے ہیں۔
عالیہ حمزہ نے شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے متعلق اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ ایف آئی اے لاہور کا شکریہ، انہوں نے شہباز شریف کے خلاف روزانہ کیس کی سماعت سے متعلق میری درخواست کو پذیرائی دی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے، ان کی منی لانڈرنگ کا ایک ایک ثبوت سامنے آگیا ہے۔
عالیہ حمزہ نے کہا کہ شہباز شریف 10 سال وزیراعلیٰ پنجاب رہے، ان کے خاندان اور اہل و اعیال کے اکاونٹ بڑھتے رہے، اورنگزیب بٹ سے پیسے لے کر نوکری کا نوٹیفکیشن دیا گیا، شہباز شریف نے اداروں میں سیاسی بھرتیاں کیں۔
پی ٹی آئی کی رہنما کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف کے 14 ملازمین کی ٹرانزیکشن کے ثبوت حاصل کر لیے، ان ملازمین کے اکاؤنٹ میں 17 ہزار ٹرانزکشن ہوئی ہیں، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے 4 ارب شہباز شریف کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شائد مقصود چپڑاسی نے اللہ واسطے روپے شہباز شریف کو دیے، عدالت میں شہباز شریف تاخیر حربے استعمال کررہے ہیں۔
عالیہ حمزہ نے کہا کہ 9مرتبہ شہباز شریف کے وکیل نے التوا مانگا، بعض پیشیوں پر شہباز شریف نے بیماری کا بہانہ بنایا، یہ اس کیس میں تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں، ہم شہباز شریف کو ایسا نہیں کرنے دیں گے۔
پی ٹی آئی کی رہنما کا کہنا ہے کہ عدالت سے استدعا ہے کہ کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنے اور براہ راست کوریج کی اجازت دی جائے، عدالت سست انصاف، انصاف سے انکار کے تاثر کو زائل کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے ملزموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے، شہباز شریف پر فرد جرم عائد کی جائے جس سے بچنے کے لئے جواب جمع نہیں کروا رہے، ان کے مکروہ چہرے عوام کے سامنے لانے چاہیے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
