
احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس ملک میں آئین نہ رہے وہ کھوکھلا ہوجاتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہرا باب لکھا گیا ہے، عدلیہ نے اتفاق رائے سے آئین کی بالادستی قائم رکھنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کسی جماعت کی فتح اور کسی کی شکست کا فیصلہ نہیں، یہ بائیس کروڑ عوام کی امنگوں کا فیصلہ ہے، آئین کی پاسداری پر سب متفق ہیں، آئین ریاست کے شہریوں کے حقوق کا ضامن ہوتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس ریاست میں آئین بے وقعت ہوجائے وہ کھوکھلی ہوجاتی ہے، تین اپریل دو ہزار بائیس کو آئین شکنی کی گئی جو سیاہ الفاظ میں لکھی جائے گی، تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک سویلین حکومت نے آئین توڑنے کی کوشش کی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران نیازی ہٹ دھرمی اور انا پرستی سے خود نمائش کی گرفت میں ہیں، وہ پاکستان کے اداروں کو داؤ پر لگانے پر لگے ہوئے ہیں، آپ کی حکومت کے چار سال میں معیشت کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے روپے کو تھوڑا سا بہتر کیا، اسٹاک مارکیٹ بہتر ہوئی، اس ریکوری کو دوبارہ کریش کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ امید ہے ملک کا مستقبل خراب کرنے کی مزید کوشش نہیں ہوگی، سپریم کورٹ کا حکم بہت واضح ہے، تین اپریل کی حیثیت پر اسمبلی بحال ہوئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ امید ہے اسپیکر اور قومی اسمبلی کا تمام اسٹاف پرامن ووٹنگ کروائے گا، سب مل کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکال سکیں، نئی حکومت اپوزیشن کے ساتھ مل کر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے قومی ایجنڈا پر کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کی پہچان پاکستان ہے، ہم سب اول پاکستانی ہیں، امید ہے حکومت جاتے ہوئے مزید بگاڑ پیدا نہیں کرے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News