
ترجمان پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے آج کے اقدام نے ثابت کردیا یہ جمہوری حکومت نہیں ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خط کی شکل میں غیرثابت شدہ بیرونی سازش کی بنیاد پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پارلیمنٹ آئین قانون اور جمہوریت پرخودکش حملہ تھا، رولنگ بھی غیر آئینی اسمبلیاں توڑنے کی ایڈوائس بھی غیرآئینی ہے۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ اس آئین شکنی کے اصل کردار 4 ہے، جس میں عمران نیازی ڈپٹی سپیکر اسپیکر اور فواد چوہدری شامل ہیں جبکہ صدر پاکستان عارف علوی بھی اس آئین شکنی سے مستثنی نہیں ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت ان تمام کرداروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آئین و جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی، عمران نیازی کے آج کے اقدام نے ثابت کردیا یہ جمہوری حکومت نہیں ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی نے جنرل نیازی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سرینڈر ہونے کےساتھ بھاگنا بہتر سمجھا، پی ڈی ایم کا سپریم کورٹ پر بھروسہ ہے کورٹ آئین، پارلیمنٹ، قانون ،اور جمہوریت کی لاج رکھے گی۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ اب الیکشن کا فیصلہ عمران نیازی نہیں پی ڈی ایم اورمتحدہ اپوزیشن کااستحقاق ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ غیرآئینی حکمران، غیرمتوازن، اور غیر جمہوری شخص نیازی پی ڈی ایم کو الیکشن کامشورہ نہیں دے سکتے۔
یاد رہے کہ صدر مملکت نے قومی اسمبلی تحلیل کردی ہے اور کابینہ ٹوٹ گئی ہے تاہم آئین کے تحت وزیر اعظم عمران خان 15 روز کے لیے اپنے عہدے پر رہ سکتے ہیں۔
اس سے قبل آج ہی وزیرِ اعظم عمران خان نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیجی تھی۔
واضح رہے کہ اسپیکر قاسم سوری قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دے دیا۔
قاسم سوری کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تھا۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے متحدہ اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کو آئین کے خلاف قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے خلاف کسی غیر ملکی کو حق نہیں کہ وہ تحریکِ عدم اعتماد لائے، میں بطور ڈپٹی اسپیکر رولنگ دیتا ہوں کہ وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد مسترد کی جاتی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر نے تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کر دیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News