
کھانا پکانے کے تیل کے ایندھن سے طیارے نے کامیاب پرواز کر کے سب کو حیران کر دیا۔
کھانا پکانے کے تیل سے آپ نے صرف کھانا ہی پکایا ہوگا، نہ کبھی اسے مشین میں ڈالا ہوگا اور نہ ہی کبھی ایسا کرنے کا سوچا ہوگا۔۔
کیونکہ ہم ہمیشہ یہی سوچتے ہیں کہ ایسا کرنے سے کہیں مشین خراب نہ ہو جائے، تاہم اب ایسا نہیں ہے، کیونکہ ایک طیارے نے کھانا پکانے والے تیل سے کامیاب پرواز کرکے سب کو حیران کر دیا ہے۔
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ایئربس کے اے 380 طیارے کی کھانا پکانے والے تیل سے آزمائشی پرواز کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 3 گھنٹے کی آزمائشی پرواز کا تجربہ 25 مارچ کو تولوز کے ایئرپورٹ پر کیا گیا اور یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اے 380 دنیا کا سب سے بڑا مسافر طیارہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس پرواز کے لیے ماحول دوست ایندھن تیار کیا گیا تھا جو کھانے پکانے کے تیل اور ضائع شدہ چکنائی پر مبنی تھا اور اس پرواز کے لیے سنگل رولز رائس ٹرینٹ 900 انجن کو استعمال کیا گیا۔
ایئربس نے اس کے بعد اے 380 کی ایک اور پرواز اسی ایندھن پر 29 مارچ کو تولوز سے نائس روانہ کی جس کی مانیٹرنگ ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرواز کے لیے یہ ایندھن فرانس کی ایک کمپنی ٹوٹل انجنیئرز نے فراہم کیا تھا، جسے ہائیڈرو پراسیسڈ ایسٹرز اینڈ فیٹی ایسڈز (ایچ ای ایف اے) سے تیار کیا گیا جوکہ سلفر اور آرومیٹکس سے پاک تھا۔
واضح رہے کہ مذکورہ ایئربس کی جانب سے اس ایندھن پر چلنے والی پروازوں کی آزمائش 2021 سے کی جارہی ہے اور سب سے پہلے مارچ 2021 میں اے 350 میں اس کی جانچ کی گئی۔
اس کے بعد اکتوبر 2021 میں اے 319 نیو سنگل آئزل ایئرکرافٹ کو کوکنگ آئل پر اڑایا گیا۔
تاہم کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ اس دہائی کے آخر تک اس کے طیارے اسی ایندھن پر پرواز کریں گے جبکہ اس سے پہلے روایتی ایندھن میں 50 فیصد ماحول دوست ایندھن کو ملا کر استعمال کرنے کا تجربہ بھی کیا جائے گا۔
یہ ایئربس 2035 تک دنیا کے پہلے زیرو زہریلی گیسیں خارج کرنے والے طیارے کو متعارف کرانے کی بھی خواہشمند ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News