کورونا وبا کے بعد پاکستان میں دو سال بعد عیدالفطر پر 4 بڑی فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔
فلموں کے شائقین کا انتظار ختم ہوا، پاکستان میں دو سال بعد اور تقریبا 5 عیدوں کے بعد پہلی مرتبہ عید الفطر کے موقع پر کم از کم 4 بڑی اردو فیچر فلمیں ریلیز کی جائیں گی جن کی پروموشن کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان میں آخری بار 2019 میں عید الاضحیٰ کے موقع پر سینماؤں میں فلمیں ریلیز ہوئی تھیں، جس کے بعد مارچ 2020 میں کورونا کی وبا آنے کی وجہ سے سینما بند کردیئے گئے تھے اور فلموں کی ریلیز تاخیر کا شکار ہو گئیں تھیں۔
سال 2020 اور 2021 میں آنے والی عیدوں پر سینما میں فلمیں ریلیز نہیں کی گئی تھیں جبکہ پاکستان میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم نہ ہونے کے باعث فلموں کو آن لائن بھی ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔
یہی وجہ ہے کہ گزشتہ دو سال تک عید کے موقع پر پاکستانی شائقین ٹیلی فلموں سے ہی محظوظ ہوتے رہے، تاہم اس مرتبہ عید الفطر کے موقع پر شائقین کو ایک نہیں بلکہ ایک ساتھ 4 بہترین فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ چاروں فلمیں ہی رومانوی مزاحیہ فلمیں ہیں جنہیں شائقین کی پسند کو مدِنظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔
عید کے موقع پر کامیڈی مصالحہ فلمیں ریلیز ہونے کی خبر پر مداح بھی بےحد خوش ہیں کیونکہ مداح ان فلموں کا کافی عرصے سے انتظار کر رہے ہیں۔
اس عید پر صبا قمر اور زاہد احمد کی کامیڈی ایکشن فلم گھبرانا نہیں ہے، ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی کامیڈی مصالحہ فلم پردے میں رہنے دو، نیلم منیر اور احسن خان کی مصالحہ کامیڈی فلم چکر جبکہ امر خان اور عمران اشرف کی مصالحہ انٹرٹینمنٹ فلم دم مستم کو ریلیز کیا جائے گا۔
پردے میں رہنے دو
ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی رومانوی مزاحیہ فلم ’پردے میں رہنے دو‘ کو کہانی کے اعتبار سے اب تک پاکستان کی سب سے منفرد فلم قرار دیا جا رہا ہے، اس فلم میں شادی شدہ جوڑے کے ہاں اولاد نہ ہونے جیسے مسئلے کو موضوع بنایا گیا ہے۔
فلم ساز وجاہت رؤف کی ہدایت کاری میں بنائی گئی فلم کی کہانی محسن علی نے لکھی ہے۔
مسٹری تھرلر مصالحہ فلم ’چکر‘
اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر یاسر نواز اور ان کی اہلیہ ندا یاسر کی جانب سے مشترکہ طور پر پروڈیوس کردہ مسٹری مصالحہ تھرلر فلم ’چکر‘ میں نیلم منیر اور احسن خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نیلم منیر کا ڈانس نمبر گانا بھی شامل ہے ساتھ ہی اداکارہ فلم میں ڈبل رول بھی کر رہی ہیں۔
دم مستم
اداکار عدنان صدیقی کی پروڈیوس کردہ پہلی فلم ’دم مستم‘ کی کہانی امر خان نے ہی لکھی ہے اور وہ فلم میں عمران اشرف کے ہمراہ ایکشن میں نظر آئیں گی۔
’دم مستم‘ کی کہانی امر خان اور عمران اشرف کے رومانس اور بچپن کے پیار، دوستی اور لڑائیوں کے گرد گھومتی ہے۔
فلم کی ہدایات ’سپر اسٹار‘ کی ہدایات دینے والے محمد احتشام الدین نے دی ہے جب کہ اسے عدنان صدیقی کے ہمراہ اختر حسنین نے پروڈیوس کیا ہے۔
https://youtu.be/I5eJqlMP65I
گھبرانا نہیں ہے
سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشہور جملے ’گھبرانا نہیں ہے‘ پر بنائی جانے والی رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم میں صبا قمر اور زاہد احمد مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔
مذکورہ فلم کو نیوپلیکس سینما کے مالک، صنعت کار جبران بیگ اور حسن ضیا نے پروڈیوس کیا ہے جو کہ عید پر پیش کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
