
روس کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل سے بے دخل کرنے کی امریکی قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) نے روس کو انسانی حقوق کی کونسل سے ان الزامات کے بعد معطل کر دیا کہ روسی فوجیوں نے یوکرین میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیاں کی ہیں۔
روس کے خلاف امریکا کی پیش کردہ قرارداد کے حق میں 93 ووٹ آئے جبکہ 24 ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا، پاکستان اور بھارت ان 58 ممالک میں شامل تھے جو غیر حاضر رہے۔
علاوہ ازیں جنوبی ایشیائی ممالک بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال اور سری لنکا نے بھی ووٹ دینے سے گریز کیا، حالانکہ جو بائیڈن انتظامیہ نے ووٹنگ سے قبل اپنے سینئر سفیر کو ان ممالک میں بھیجا تھا تاکہ انہیں اس اقدام کی حمایت پر آمادہ کیا جاسکے۔
بھارت نے یہ تسلیم کرتے ہوئے اس بحث میں حصہ لیا کہ ‘یوکرین میں انسانی حقوق کی صورتحال ابتر ہو گئی ہے’ لیکن ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا جبکہ پاکستان نے بحث میں ہی حصہ نہیں لیا۔
مشرق وسطیٰ میں ایران نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا جبکہ سعودی عرب نے اس سے گریز کیا، جو واشنگٹن کے ساتھ اس کے تعلقات میں حالیہ کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے، اس کے علاوہ مصر، عراق، عمان، قطر اور متحدہ عرب امارات نے بھی ووٹنگ سے گریز کیا۔
امریکا کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کو منظور ہونے کے لیے ووٹوں کی دو تہائی اکثریت درکار تھی اور یہ آسانی سے اس ہدف تک پہنچ گئی، 24 کے مقابلے میں 93 ووٹس کیونکہ غیر حاضری شمار نہیں ہوتی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News