
چاند
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے ماہِ شوّال 1443 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا۔ جس کے بعد ملک بھر میں عید الفطر بروز منگل 3 مئی کو ہوگی۔
شوال کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹِی کا اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ممبران اور محکمہ موسمیات کے افسران بھی چاند دیکھنے کے لئے موجود تھے۔ اجلاس میں قاری فتح محمد راشدی، چودھری محمد اسلم ڈائریکٹر محکمہ موسمیات، مفتی محمد رمضان سیالوی، مفتی محمد اسحاق ساقی سمیت دیگر شریک تھے۔
اس کے علاوہ پشاور، کوئٹہ، کراچی اور لاہور میں ذونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوئے جس میں محکمہ موسمیات، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سپارکو کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں آج مطلع صاف تھا، کسی بھی علاقے سے چاند کی کوئی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق پاکستان میں شوال 1443 کا چاند کہیں نظر نہیں آیا، پہلی شوال اور عید الفطر 3 مئی 2022 بروز منگل ہوگی اور اس سال رمضان المبارک کے 30 دن مکمل ہوں گے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ مرکزی کمیٹی زونل کمیٹیوں سے مسلسل رابطوں میں رہی، جس کے بعد متفقہ طور پر 30 روزے پورے کرنے اور عید بروز منگل تین مئی کو منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چاند نظر آنے سے متعلق مفتی پوپلزئی سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو اسلام آباد میں چاند نظر نہیں آیا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو راولپنڈی، اسلام آباد سے چاند کی رویت کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، اسلام آباد میں چاند کے غروب ہونے کا وقت 7 بج کر 18 منٹ تھا۔
پشاور زونل کمیٹی کے مطابق ضلع کرک سے 4 شہادتیں موصول ہوئیں، کوہاٹ ، ڈی آئی خان سے 5،5 شہادتیں آئیں۔ شہادتوں کی شرعی حیثیت جانچنے کے بعد شہادتوں سے متعلق مرکز کو آگاہ کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب پشاور زونل کمیٹی ممبر قاری عبدالروف نے کہا ہے کہ پشاور کے علاوے سڑزوئی سے 12 شہادتیں اور مردان سے تین شہادتیں موصول ہوئی تاہم چاند کے حوالے سے ہم اعلان نہیں کرسکتے، مرکزی کمیٹی کو صرف شہادتوں کے بارے میں بتا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شوال کا چاند آج نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ عید الفطر 3 مئی کو ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پورے پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم تھے، کوئٹہ میں بھی شوال کا چاند نظر انے کا کوئی امکان نہیں ، کوئٹہ میں سورج غروب 7:15:پر ہے ، سورج غروب ہونے تک چاند کی عمر 18 گھنٹے سےکم ہو گی ، سورج غروب ہونے کے بعد 36 منٹ تک دیکھا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News