پنجاب بھر سے گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنان کی لسٹ بول نیوز نے حاصل کر لی۔
سرکاری طور پر مرتب کی گئی لسٹ کے مطابق اب تک پنجاب بھر سے پی ٹی آئی کے 1260 کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
حکومت نے کی جانب سے مرتب شدہ لسٹ کے مطابق 2076 افراد کو گرفتار کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔
لاہور ڈویژن سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اب تک پی ٹی آئی کے 149 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ ساہیوال ڈویژن سے گرفتار ہونے والوں کی تعداد 93 ہے۔
فیصل آباد ڈویژن سے گرفتار پی ٹی آئی کے افراد کی تعداد 137 ہے جبکہ گوجرانوالہ سے 89 ، راول پنڈی سے 66 جبکہ سرگودھا ڈویژن سے 187 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
اسی طرح بہاول پور ڈویژن سے 32 جبکہ ڈی جی خان ڈویژن سے پی ٹی آئی کے 114 افراد کو گرفتار کی جا چکا ہے۔
پی ٹی آئی کے کل ہونے والے لانگ مارچ سے قبل مزید کارکنان کی گرفتاریاں متوقع ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے آزادی لانگ مارچ کو ناکام بنانے کیلئے حکومت نے کمر کس لی ہے، ایک طرف گرفتاریوں کا سلسلہ شروع تو دوسری طرف شہر اقتدار کی اہم شاہراہوں کو کینٹینر ز لگا کر بند کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا، عدالت نے آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کردیئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنراورآئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ کسی پی ٹی آئی کارکن کو غیر ضروری ہراساں نہ کریں۔
واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پولیس نے لاہور سمیت پنجاب، کراچی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پولیس کی کارروائیوں کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
