
ن لیگ نے سیاست قربان کرکے ریاست کو بچایا، حمزہ شہباز
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی باتیں اوراقدامات پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہبازشریف نے پاکپتن میں میاں نوید کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوید کے والد کے قتل کی تحقیقات ہوگی اورملزم یقینی طورپر کیفر کردار کو پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ وہ اداروں کے متعلق جو مرضی کہتا پھرے، قومی اداروں کے خلاف زہر آلو د گفتگو کرنے والوں کو جواب دینا ہوگا۔
حمزہ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایک ہارا ہوا شخص پاکستان کے اداروں،آئین اورسلامتی کے ساتھ مذاق کررہا ہے، دوست ممالک بھی ان کی بدزبانی کا نشانہ بنے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران نیازی کی باتیں اوراقدامات پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہیں جبکہ عمران نیازی کی وجہ سے دوست ممالک بھی پاکستان سے دور ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمرن نیازی کہتا تھا پاکستان کا وکیل بنوں گا،کشمیرکا وکیل بنوں گا،نہ پاکستان کا وکیل بنا نہ کشمیریوں کا اور اب بہت جلد عمران نیازی کو سارے گناہوں کا انصاف دینا ہوگا۔
حمزہ شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی آئین شکنی کرنا چاہتا تھا،آئین کی پاسداری کیلئے سپریم کورٹ کے دروازے کھلے، عوام کی عدالت میں بھی عمران نیازی کو جواب دینا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ رات کو سپریم کورٹ کے دروازے نہ کھلتے تو آج پاکستان میں کوئی آئین نہ ہوتا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پچھلے چار سال میں انتشار اور انتقام کے سوا کیا کیاگیا؟ نوجوانوں سے روزگار کے جھوٹے وعدے کیے گئے، پنجاب میں تماشہ لگا رہا جبکہ پنجاب کے گورنر نے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی نے لوگوں کو ذہنی مریض بنادیاعوام کی زندگی میں آسانیاں لانا چاہتے ہیں، چند دنوں میں عوامی فلاح کا ایجنڈا سامنے لائیں گے اور اشیاء صرف کے نرخ میں کمی ایجنڈے کا پہلا حصہ ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News