
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی حد بندی مشق پر خط لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 5 اگست 2019 کے ہندوستان کے غیر قانونی و یکطرفہ اقدامات کے تناظر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں تشویشناک صورتحال کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتا رہا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا ہے کہ اس حوالے سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 10 مئی 2022 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک جامع خط لکھا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ خط انہیں خاص طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی ‘حد بندی’ مشق کے ذریعے مسلمانوں کی نمائندگی کو کم کرنے کی بھارت کی مذموم چال سے آگاہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ یہ غیر قانونی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور جموں و کشمیر کے تنازعہ پر سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں سمیت بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
عاصم افتخار نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ یہ غیر قانونی اقدامات خود بخود غیر قانونی اور کالعدم ہیں، وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی سنگین، منظم اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے مراسلے میں کشمیری آبادی کو مزید پسماندہ، بے اختیار اور تقسیم کرنے کی جاری بھارتی کوششوں پر خصوصی توجہ مبذول کروائی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ان اقدامات کو مقبوضہ جموں و کشمیرکی شناخت، لوگوں کے بنیادی حقوق اور ثقافت پر ایک شرمناک حملہ قرار دیا، انہوں نے واضح کیا کہ یہ عمل مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی آر ایس ایس اور ہندوتواء کے موفق ایک اور کٹھ پتلی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کرنے کے لیے اٹھایا گیا تھا۔
عاصم افتخار نے کہا ہے کہ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس بدنیتی کی آڑ میں، ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی انجینئرنگ کرنے کی کوشش کی تاکہ مسلم اکثریتی حلقوں کو ہندو اکثریتی حلقوں میں تبدیل کیا جا سکے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ شرمناک حد بندی کی مشق کے ذریعے بھارت آبادیاتی تبدیلیوں کے عمل کو تیز کرنا چاہتا ہے، اسے اس نے لاکھوں ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کو ختم کرنے، ملازمتوں کی پیشکش اور اس طرح کے اقدامات کے ذریعے پہلے ہی شروع کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News