
شرجیل انعام میمن نے کہا نے کہ کرایوں میں اضافے کا معاملہ سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اٹھائیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ کی نمائندہ تنظیموں سے اجلاس ہوا جس میں انٹرسٹی ، انٹرا سٹی اور انٹرا پراونس سمیت دیگر ایسوسی ایشن نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے سمیت روٹس کے اجازت ناموں، گاڑیوں کی فٹنس اور کراچی شہر کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹرانسپورٹرز نے صوبائی وزیر سے اپیل کی کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری اضافہ کیا جائے ، پیٹرولیم مصنوعات میں بڑے اضافے کے بعد روٹس پر گاڑیاں نقصان میں چل رہی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے ٹرانسپورٹرز کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمیں بڑھ گئی ہیں لیکن حکومت عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ نے کہا کہ کرایوں میں اضافہ کا معاملہ سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اٹھائیں گے جب تک فیصلہ نہ ہو ، ٹرانسپورٹرز کرایوں میں اضافہ نہ کریں۔
شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ ایسی گاڑیاں جو سڑکوں پر لانے کے قابل نہیں ان کے خلاف سختی کریں گے، یکم اگست تک ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں درست کرالیں ، ٹائم لائن کے بعد گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
شرجیل انعام میمن نے سیکرٹری کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روٹس پرمٹس جاری ہونے کے بعد گاڑیاں نہ چلانے والوں کے اجازت نامے ایک ہفتے میں منسوخ کئے جائیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ روٹ پرمٹس کے تجدید تین سال کے بجائے ایک سال میں کرانے کی پالیسی بنائی جائے، محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کا ٹارگٹ ہے کہ کراچی شہر میں ایک دو سال میں بڑی تعداد میں جدید ایئر کنڈیشنڈ بسیں لائے۔
کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے ارشاد بخاری ،حاجی تواب ، سندھ انٹرا سٹی بس سروس کے شبر منیب ، ربنواز مظفر ، سندھ بس اونر ایسوسی ایشن افضل شیخ سمیت چنگچی رکشہ ایسو سی ایشن و دیگر نمائندہ تنظیمیں شریک ہوئے جبکہ سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، ایڈیشنل سیکرٹری مشتاق احمد شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News