
پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غریب کاشتکاروں کے ساتھ کھڑے ہوکر بیوروکریسی کی بدمعاشی میں رکاوٹ ڈالے گی۔
اپنے جاری کردہ بیان میں پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا کہ چنیوٹ میں کاشتکاروں کے گھروں میں گھس کر زبردستی گندم نکالنا ریاستی دہشتگردی ہے۔
حسن مرتضی نے کہا کہ جس غریب کسان نے پاکستان کی غربت چھپائی اس کے گھر کی چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ، کاشتکاروں کو کھاد ڈیزل اور پانی کی مشکلات کا سامنا رہا مگر کوئی ریاستی ادارہ مدد کو نہ آیا۔
انہوں نے کہا کہ کھاد کے حصول کے لیے کسانوں نے پولیس کے ڈنڈے لاٹھیاں اور تشدد سہا، ریاستی ادارے سرمایہ دار اور ذخیرہ اندوز عناصر پر تو ہاتھ ڈال نہیں سکے۔
حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کارکردگی دکھانے کے لیے اب غریب کسانوں پر طاقت آزمائی کر رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی غریب کاشتکاروں کے ساتھ کھڑے ہوکر بیوروکریسی کی بدمعاشی میں رکاوٹ ڈالے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسران ہوش کے ناخن لیں اگر کسی کسان پر گندم کے حصول کے لئے تشدد ہوا تو اسکا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News