
شفقت محمود
شفقت محمود نے کہا ہے کہ پوری قوم حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کیلئے تیار ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے شیریں مزاری کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل حکومت شیریں مزاری کو فوری رہا کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں سے ہم گھبرانے والے نہیں ہیں، پی ٹی آئی امپورٹڈ حکومت کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے، امپورٹڈ حکومت کو وارننگ دیتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز رہے۔
شفقت محمود نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ کے اعلان سے پہلے ہی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے، پوری قوم حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کے لئے تیار ہے، حقیقی آزادی مارچ امپورٹڈ حکومت کو بہا لے جائے گا۔
دوسری جانب گورنر عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کا واقعہ امپورٹڈ حکومت کی بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنی پھرتیاں ایک قاتل وزیر داخلہ مقدمات میں لگا رہا اتنی اگر دیگر معاملات میں لگاتے تو ان کی حکومت کو شرمندگی نہ ہوتی، امپورٹڈ حکومت خود معاملات کو کشیدگی کی طرف دھکیل رہی ہے۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن لاہور نے پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا ہے۔
شیریں مزاری کو ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن لاہور نے انہیں گرفتار کر کے تھانہ مارگلہ منتقل کردیا، تھانہ مارگلہ سے انہیں لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News