
کراچی، لاہور اور پشاور پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانوں اور چالان کی فیس میں کئی گنا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب پولیس کی طرف سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 200 سے 500 روپے کی بجائے 2 ہزار سے 5 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔
سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کی جانب سے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو بھجوائی گئی سفارشات کے مطابق موٹرسائیکل کی غلط پارکنگ پر 2 ہزار روپے اور کار کی غلط پارکنگ پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔
بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار اور بغیر لائسنس کار چلانے پر 5 ہزار روپے، ون وے کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل سواروں کو 2 ہزار اور کار سواروں کو 5 ہزار، کالے شیشے والی گاڑیوں کو 5 ہزار، بغیر نمبر پلیٹ یا فینسی نمبرپلیٹ والی موٹرسائیکلوں کو 2 ہزار اور کاروں کو 5 ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔
دیگر خلاف ورزیوں پر بھی موٹرسائیکل سواروں کو 2 ہزار روپے اور کار سواروں کو 5 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کراچی احمد نواز چیمہ کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کرنے والے پولیس افسران کی تعداد بڑھادی گئی ہے۔ اب کراچی کی شاہراہوں پر اے ایس آئی سے انسپکٹر تک 388 افسران چالان کرسکیں گے۔
پشاور میں بھی ٹریفک چالان اور جرمانوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
پشاور ٹریفک پولیس نے جرمانوں میں 950 فیصد تک اضافہ کیا ہے، جس کے بعد سگنل توڑنے کا جرمانہ 300 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کردیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس نے بچوں کی ڈرائیونگ پر جرمانہ 300 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار روپے کردیا ہے۔
غلط جگہ پر گاڑی پارک کرنے پر جرمانہ 100 روپے کے بجائے 2 ہزار روپے وصول کیا جائے گا، جبکہلائسنس کے بغیر ڈرائیونگ پر جرمانہ 600 روپے کے بجائے اب 1500 روپے ہوگا۔
پشاور ٹریفک پولیس کے مطابق تیز رفتاری پر جرمانہ 300 روپے سے بڑھاکر ایک ہزار روپے ہوگا جبکہ سیٹ بیلٹ کے بغیر ڈرائیونگ پر ایک ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
شہریوں نے ٹریفک چالانوں اور جرمانوں میں ہوشرُبا اضافوں پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا ہے، ملاحظہ کیجئے بول نیوز کے خصوصی سیگمنٹ بول بز میں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News