سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی آئی اے ایسے اقدامات اٹھائے جس سے دیگر ائیرلائنز کا بزنس بھی پی آئی اے کے پاس آئے۔
وفاقی وزیر برائے ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کیا جہاں انہیں پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سی ای او عامر حیات کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر ہوا بازی کو پی آئی اے بورڈ اور حکام کی جانب سے ایئر لائنز کی موجودہ کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا گیا جبکہ دورے کے دوران پی آئی اے کو درپیش تمام پیشہ ورانہ چیلنجز بشمول مالی اور آپریشنل مشکلات کا بغور جائزہ بھی لیا گیا۔
خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے حکام کو ہدایت دیں کہ وہ اپنی سروس کے معیار کو بہتر بنائیں اور میسر وسائل کو اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق استعمال کریں۔
وزیر ہوابازی نے کہا کہ فلائٹ کچن کا نظام کافی بہتر ہے مگر اب پی آئی اے ایسے اقدامات اٹھائے جس سے دیگر ائیرلائنز کا بزنس بھی پی آئی اے کے پاس آئے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ہر ممکنہ خرچے کی بچت کرنی ہے جبکہ ریونیو بڑھانے کے نئے ذرائع بھی تلاش کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی ترقی کیلئے پی آئی اے کے اندر سے کوششیں ہوں گی، انتظامیہ اور ورکرز کو مل کر اخلاص کے ساتھ اس کو ترقی دینا ہوگی۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی آئی اے قوم کا وقار ہے اور اس کی لاج رکھنے کیلئے قومی جذبے اور ریاستی مفاد میں کاوشیں کرنی ہیں۔
وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ ہم پی آئی اے کی اصلاحاتی عمل میں بغیر کسی دباؤ کے کام کریں گے اور اس میں پی آئی اے انتظامیہ کو میری مکمل سپورٹ ہوگی۔
سینئر ایوایشن حکام اور ڈاریکٹر جنرل سول ایوایشن اتھارٹی خاقان مرتضی بھی خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
