اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ عمران خان کی پوری سیاست انکی اپنی ذات کے اردگرد گھومتی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ میں میں کی گردان کرنیوالے عمران خان کو سیاستدان تو کیا اداروں کے سربراہان بھی قبول نہیں، انکی پوری سیاست انکی اپنی ذات کے اردگرد گھومتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انکے مطابق عمران خان ہے تو پاکستان ہے، یہ سوچ قابل قبول نہیں، انہیں لگ رہا ہے کہ اگر وہ وزیراعظم نہیں تو کوئی نہیں، انکے بغیر کیا یہ ملک نہیں چل سکتا؟
اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ اقتدار کی ہوس نے انہیں حواس باختہ کردیا ہے اور ملک کو انارکی کی طرف لے جانے کی کوشش کررہا ہے، وہ وزیراعظم نہیں تو انکے خیال میں پاکستان کے اثاثے تو کیا پورا نظام ہی محفوظ نہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ آج جو باتیں عمران خان کررہا ہے، کوئی اور ہوتا تو ان پر بغاوت اور غداری کے فتوے لگ چکے ہوتے، سیاست شائستگی کا نام ہے لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی کے بعد سیاسی مخالفت ذاتی دشمنی میں بدلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج عمران خان اداروں کو سیاست میں کھلی مداخلت کی دعوت نہیں بلکہ بھیک مانگ رہا ہے، جمہوری نظام میں ہر ادارے کا آئینی اختیار درج ہے، تجاوز اس ملک کے پورے نظام کیلئے مہلک ہوگا۔
اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ ایک ملک کسی فرد نہیں بلکہ نظام کے تحت چلایا جاتا ہے، ایک فرد کی مرضی کسی پر بھی مسلط نہیں کی جاسکتی، اقتدار کیلئے عوامی پیسہ استعمال کیا جارہا ہے لیکن احتسابی اداروں کو شاید نظر نہیں آرہا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ پشاور میں بیٹھ کر پختونخوا کی سرزمین کو استعمال کررہا ہے اور عوامی حلقوں میں نفرتیں پھیلارہا ہے، انہیں تمام سیاسی جماعتوں کا شکرگزار ہونا چاہیے کہ چوری کے مینڈیٹ سے بنے وزیراعظم کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پختونخوا اور عمران خان کے مشاورین کے بیانات خطرناک ہیں، سیاست کریں دشمنی نہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
