گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ نیک نیتی کے ساتھ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
بلیغ الرحمان سے فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن (فرایا) کے وفد کی چیئرمین تنویر احمد شیخ کی قیادت میں ملاقات ہوئی جس میں وفد نے گورنر پنجاب کو فیروز پور روڈ صنعتی زون کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
بلیغ الرحمان نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکار ٹیکس ادا کرنے کے ساتھ ساتھ کثیر زرمبادلہ کما کر ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، صنعتیں چلتی ہیں تو کئی خاندانوں کو روزگار ملتا ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نے سابق دور حکومت میں بجلی کے نئے منصوبے شروع کر کے توانائی کے بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے منصوبے کے آغاز سے ملک میں ترقی کا نیا سفر شروع کیا تھا، اس دور میں انفرا سٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہوا۔
بلیغ الرحمان نے کہا کہ اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ہونا چاہیے، نئی حکومت نئی پالیسیاں ضرور لے کر آئے لیکن جانے والی حکومت کی عوام کی فلاح بہبود کی پالیسیوں آگے بڑھائے۔
دوسری جانب چیئرمین تنویر احمد شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
علاوہ ازیں فاؤنڈر چیئرمین عدنان بٹ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی ٹرپنگ سے صنعتوں کا نقصان ہو رہا ہے۔
ملاقات میں گورنر پنجاب نے وفد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سفارشات اعلی حکومتی حلقوں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔
وفد نے گورنر پنجاب کو سڑکوں کی زبوں حالی، بجلی کی ٹرپنگ کے مسائل سے آگاہ کیا اور واسا کا واٹر ٹیرف پورے صوبے میں یکساں کرنے کا مطالبہ بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ وفد میں فاؤنڈر چیئرمین فرایا عدنان بٹ، ارشد بیگ، شاہد بیگ، شفیق بٹ، خالد بٹ سمیت دیگر صنعتکار موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
