
وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد نچلے طبقے پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے وزیراعظم ریلیف پیکج کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ نے موجودہ حکومت کے عوام کو قیمتوں میں مسلسل اضافے پر خصوصاً غریبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزراء نے انفرادی کے بجائے گھریلو بنیادوں پر وسائل کی بہتر تقسیم اور متعدد سبسڈیز کو ہم آہنگی کرنے کی تجاویز دی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم کے وژن کے مطابق عملی، انتہائی مؤثر اور ٹارگٹڈ سبسڈی کی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مقصد معاشرے کے نچلے طبقے پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ٹارگٹڈ سبسڈی سے معاشرے کے نچلے طبقوں کو فوری اور خاطر خواہ ریلیف پیکج فراہم کررہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری اور وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صنعت و پیداوار، سیکرٹری تخفیف غربت، سیکرٹری بی آئی ایس پی، چیئرمین نادرا اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News