
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ میں کیے گئے اعلانات کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط منظور ہوچکیں ہیں، امید ہے جلد ہی مشکل وقت سے نکل آئیں گے۔
معاشی ٹیم کے اجلاس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ ملکر فیصلہ کیا کہ سیاست کو نہیں ریاست بچائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد ہمارے پاس 2 آپشن تھے، پہلا آپشن الیکشن اصلاحات کے بعد انتخابات کی طرف جاتے اور دوسرا راستہ سخت فیصلے کر کے معیشت سنبھالنے کا تھا لیکن یہ سیاست نہیں ریاست کو بچانے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے موقع پر ہم نے جرات مندانہ فیصلے کیے ہیں، پاکستان ان فیصلوں سے مشکلات سے نکلے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، انہوں نے بدترین کرپشن کی اور ان کے تاخیری حربوں کے باعث ملک دیوالیہ کے قریب تھا لیکن ہم عوام کومشکل وقت میں ریلیف فراہم کرناچاہتے ہیں جس کے لئے بجٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ میں کیےگئے اعلانات کے مطابق آئی ایم ایف شرائط منظور ہوچکیں ہیں، کوئی نئی شرط سامنے نہ آئی توآئی ایم ایف سے معاہدہ طے ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ کا پہلا بجٹ ہے جو غریب عوام کومشکلات سے نکالنے کیلئے ہے جس میں غریب کے کاندھوں سے بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے اور بتایا ہے کہ سیمنٹ، اسٹیل، شوگرملز، ایل این جی ٹرمینل پر ٹیکس لگائیں گے، اسکے علاوہ آٹوموبائل، سگریٹ، ٹیکسٹائل، بینکنگ پر بھی ٹیکس لگایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ غربت کم کرنے کے لیے صاحب حیثیت افراد پر ٹیکس لگارہے ہیں جس کے مطابق سالانہ 15 کروڑسے زائد کمانے والوں پر ایک فیصد ٹیکس، سالانہ 20 کروڑ سے زائد آمدن والوں پر 2 فیصد ٹیکس، 25 کروڑ سے زائد آمدن والوں پر 3 فیصدغربت ختم کرنے کا ٹیکس اور 30 کروڑ سے زائد کمانے والوں پر 4 فیصد ٹیکس لگایا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ 2 ہزار ارب روپے کا ٹیکس غائب ہوجاتا ہے تاہم اس بار ٹیکس کلیکشن کیلئے ٹیمیں بنادی گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی خود مختاری کے بغیر کوئی قوم آزاد نہیں ہوسکتی ہے اور گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کے بغیر مسائل کاحل ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نفرتوں کی دیوارگرانی ہے، آپس کی لڑائیاں ختم کر کےغربت کے خلاف لڑنا ہے اور اس مقصد کے لئے اتحادیوں، اداروں کے ساتھ ملکر پالیسی بنائینگے، جان لگائیں گے، مہنگائی کو کنٹرول کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری معاشی پالیسی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News