
بجٹ 23-2022؛ سندھ حکومت 1600 ارب سے زائد کا بجٹ کل پیش کرے گی
کراچی: مالی سال 23-2022 کے لئے سندھ حکومت کے خسارے کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا۔
سندھ حکومت نے بجٹ دستاویزات کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے بعد سندھ حکومت کا مالی سال 23-2022 کے لیے 1600 ارب سے زائد کا بجٹ کل ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بطور وزیرخزانہ سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے، 14 جون کو سندھ کابینہ کے اجلاس میں بجٹ تجویز منظوری کے لٸے پیش کی جاٸے گی۔
ذراٸع کے مطابق نٸے مالی سال کے بجٹ کا حجم 1600 ارب سے زاٸد کا ہوگا جوکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مجوزہ اضافے کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
بجٹ تجاویز کے مطابق صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی تجویز دی ہے جبکہ حکومت گریڈ 1-5 گریڈ کے ملازمین کے پے اسکیل پر نظرثانی پر بھی غور کر رہی ہے۔
سندھ حکومت کا ایڈہاک الاؤنس کو بھی بنیادی تنخواہ کے ساتھ ضم کرنے کے فیصلے کا امکان ہے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
بجٹ میں غیر ترقیاتی اور ترقیاتی بجٹ میں 130 ارب تک کے اضافہ کی تجویز ہے، ترقیاتی بجٹ 222 ارب سے بڑھا کر 260 ارب تک کرنے کی تجویز ہے۔
بجٹ میں اسکول اپ گریڈ کرنے، ہر ڈویژن میں سائنس میوزیم قائم کرنے کے منصوبے شامل ہیں جبکہ صوبائی حکومت ضلعی ترقیاتی بجٹ میں 32 ارب روپے شامل کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔
سندھ حکومت نے صحت کے شعبے کے لیے 18.509 ارب روپے اور تعلیم کے لیے 27.449 بلین روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
سابق بجٹ کے مقابلے میں اس بجٹ میں 90 لاکھ روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے، حکومت نے آئی ٹی، ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبوں کے لیے مختص رقم میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ماں و بچے کی صحت سے متعلق پروگرام کو سندھ کے مزید اضلاع میں توسیع دی جائے گی، طلبہ کے لئے اسکالر شپ، نوجوانوں کو ووکیشنل و آئی ٹی ٹریننگ کے ساتھ وظائف بھی دیئے جائیں گے۔
سندھ حکومت نے کراچی کے لئے 41 ارب روپے کے فارن فنڈڈ منصوبے بجٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بلو لائن بی آرٹی کے لیے 5 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سندھ حکومت آئندہ مالی سال میں غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں پر 91 ارب روپے خرچ کرے گی، غیر ملکی امداد سے چلنے والے کراچی کے 6 منصوبے بھی بجٹ میں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں کراچی میں فراہمی و نکاسی آب، پارکس، سڑکوں کی تعمیر، سالڈ ویسٹ منصوبوں کے لئے 11 اعشاریہ ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے اور غیر ملکی امداد سے سکھر میں اسپتال اور سکھر بیراج کی تعمیر و مرمت کے لئے15ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News