
کرسچن ٹرنر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا عالمی تجارتی شراکت دار ہے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت 2025 تک دوگنی ہو جائے گی اور اس سلسلے میں دونوں حکومتوں کے درمیان اتفاق رائے ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں برطانوی سفارتخانہ ہمیشہ ویزوں اور دیگر امیگریشن مسائل میں سہولت فراہم کرتا رہا ہے اور گزشتہ سال برطانیہ نے پاکستانیوں کو ریکارڈ تعداد میں ویزے جاری کئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر پاکستان کی برآمدات 2.1 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیاں سفارتی اور اقتصادی تعلقات 74 سال پر محیط ہیں جو ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید مضبوط اور نتیجہ خیز ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کا اہم اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پرانے تعلقات ہیں۔
ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ میں مقیم 1.6 ملین پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کا بڑا ذریعہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی اقتصادی، تجارتی، سفارتی اور سماجی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ پاکستان میں 100,000 کے قریب برطانوی شہری مقیم ہیں جن کا تعلق تجارت سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 50 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے جو کہ دنیا میں غیر معمولی ہے، نوجوان آبادی کی اتنی بڑی تعداد پاکستان کے لیے بہت زیادہ صلاحیت رکھتی ہے جو مستقبل میں مقامی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خوشگوار تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں جو دن بدن مضبوط ہورہے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ نوجوانوں کے حوالے سے تعلیم اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا، تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان پاکستان کی معاشی ترقی اور پاک برطانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا متحرک کردار ادا کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News