
ناموس رسالت کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر ناموس رسالت (ص) کے معاملے پر پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں بحث کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسپیکر نے پیر کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں ایک گھنٹہ مختص کردیا جس میں بی جے پی لیڈروں کی ہرزہ سرائی کی مذمت کی جائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی ہے اور کہا ہے کہ یہ معاملہ سیاسی، جماعتی یا انفرادی نوعیت کا نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا معاملہ ہے۔
قومی اسمبلی قرارداد بھی منظور کرےگی جس میں بی جے پی لیڈروں کی مذمت کی جائے گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کا بھی آغاز کیا جائیگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھارت میں ہونے والے اس قابل مذمت واقعے کے خلاف ایوان میں قرارداد منظور کرائی جانے کی ہدایت جاری کردی گئیں ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آقا کریم سے ہماری عقیدت و محبت کے اس اہم اور نازک معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہونے والے اس قابل مذمت واقعے کے خلاف ایوان قرارداد منظور کرے، قرارداد کے ذریعے بھارت سمیت پوری دنیا کو ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ آقا کریم کی حرمت کے لئے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ناموس رسالت (ص) کے معاملے پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں بحث کرانے کی درخواست بھی کی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News