فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فضل الرحمن فوری طور پر کسی ماہر نفسیات سے مشورہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فضل الرحمن صاحب سے گزارش ہے فوری طور پر اعصابی تناؤ میں کمی کی دوائیاں لیں۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ان کی آنکھوں سے پتہ چل رہا ہے کہ موصوف راتوں کو سو نہیں پا رہے اس لئے فضل الرحمن فوری طور پر کسی ماہر نفسیات سے مشورہ کریں ورنہ ہمیں ان کو جیل کے ہسپتال شفٹ کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ بنوں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران اگر اقتدار میں آنے کی خواہش رکھتا ہے تو اس کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی اور اگر ہم عمران خان کیخلاف ہوتے تو ضمنی انتخابات کے نتائج کیخلاف بھی اٹھ کھڑے ہوتے۔
انہوں نے خیبر پختونخوا میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کو خبردار کیا کہ اپنی حدود میں رہو ، جمعیت والے ابھی زندہ ہیں، ہم آپ کیلئے زمین اتنی گرم کردیں گے کہ آپ کے حامیوں کے نرم تلوے اس پر نہیں رکھے جاسکیں گے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کو تباہ کرنے کے ایجنڈے پر آیا تھا، پاکستان کا بیڑہ غرق کردیا اور ہم نے عمران خان کی حکومت کا خاتمہ کرکے اس ملک کو بچایا تھا، عمران خان نے تو ملک کو تین ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی بات کی تھی۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ یہ کہتے ہیں جہاد لڑ رہے ہیں، کس سے جہاد لڑ رہے ہو؟ جہاد تو تمہارے خلاف ہوتا ہے اور آج جب وہ نیوٹرل ہوگئے تو عمران خان انہیں جانور کہنے لگتا ہے ، شہباز شریف غیر ضروری شرافت دکھا رہے ہیں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیوں مؤخر کیا جارہا ہے ، مالم جبہ ، بی آر ٹی ، بلین ٹری اتنے بڑے بڑے کیسز ہیں اب اس کا حساب ہوگا جب کہ قانون بنانے کا حق پارلیمنٹ کو حاصل ہے، یہ عدالت کا کام نہیں ہے، ایوان میں رولنگ آئین شکنی تھی، صدر مملکت اور ڈپٹی اسپیکر دونوں نے آئین شکنی کی۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر میں نے اختلاف کیا تھا لیکن اکثریت نے اس فیصلے کی حق میں بات کی تو ہم بھی ان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ، 4 سال ملک میں بحران پیدا کیا گیا اور ملک میں مشکلات ہیں اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عدالت کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے اور اگر عمران اقتدار میں آنے کی خواہش رکھتے ہو تو یہ خواہش پوری نہیں ہوگی، عمران خان نے جو گند کیا ہے، ہم اب اس سے نکلنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
