پنجاب کے 20 صوبائی حلقوں میں ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں انتخابی مہم کا وقت گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوچکا ہے تاہم آج پولنگ کے سامان کی ترسیل کی جائے گی۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ 17 جولائی کو ہوگی جس میں 45 لاکھ 79 ہزار900 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق لاہورمیں 4 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخاب کا معرکہ لڑا جائے گا جس میں میں 7 لاکھ 22 ہزار 878 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ آج 20 صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ کے سامانِ کی ترسیل کی جائے گی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ ایجنٹس کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا کہ پولنگ ایجنٹ کے پاس اختیار نامہ اور اصلی قومی شناختی کارڈ موجود ہونا لازمی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ کسی دوسرے پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے والے ووٹر پر پولنگ ایجنٹ اعتراض کر سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا کہ جس شخص کا نام انتخابی فہرست میں درج نہیں پولنگ ایجنٹ اس پر بھی اعتراض کر سکتا ہے۔
ادارے نے مزید کہا کہ پولنگ ایجنٹ کو لازمی طور پر پریذائیڈنگ افسر سے فارم 45کی کاپی حاصل کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے صوبے کے 14 اضلاع میں 3100 سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے چار حلقوں میں 465 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 20 حلقوں میں 676 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قراردے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 1194 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار، 1271 پولنگ اسٹیشنز کو حساسیت کے اعتبار سے نارمل قرار دیا گیا ہے۔
اسکے علاوہ لاہورکے 4 صوبائی حلقوں میں 122 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قراردئیے گئے ہیں جبکہ 343 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قراردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
