
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جب تک ملک کی تمام سیاسی جماعتیں مل کر نہیں بیٹھیں گے ملک آگے نہیں جا سکتا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے شہداء میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی قربانیاں دے کر اس ملک میں امن کو قائم رکھا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو قربانیوں سے حاصل کیا، فریڈم فائٹرز کی وجہ سے پاکستان بنایا، آزادی کے متوالوں نے جیل کی چکی بھی کاٹی اور دہشت گردی کی وجہ سے بھی قربانیاں دی ہیں ۔
راناثناء اللہ نے کہا کہ شہداء کا قرآن پاک میں واضع حکم ہے کہ وہ زندہ ہیں اور شہید ہیں، شہداء کی قربانیاں قوموں کی تقدیربدلتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے اہلخانہ کی ہر طرح سے دیکھ بھال کریں گے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 سال میں ملک کی تقدیر نہیں بدلی لیکن جن کی تقدیر بدلی ان کا تو جواب نہیں دیتے کہ وہ کون تھی اور کون تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کہتا ہے لانگ مارچ کروں گا یہ کروں گا وہ کروں گا، فلاں کو نہیں چھوڑوں گا، ایسے بیانات قوموں کے لیے تباہی کا باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری حکومت پیٹرول کی قیمت بڑھانا نہیں چاہتی تھی اور ہم نے بھرپور کوشش کی کہ تیل کی قیمتیں نہیں بڑھانی پڑے لیکن آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال میں بہتری سیاسی ہم آہنگی کے بغیر ممکن نہیں ہے لیکن جب تک سیاسی جماعتیں مل کر نہیں بیٹھیں گی تو مسئلہ حل نہیں ہوگا اس لئے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر کام کریں اور یہ صرف سیاسی جماعتوں کا نہیں بلکہ ہرفرد کا کام ہے۔
راناثناء اللہ نے کہا کہ قوم بہتر فیصلہ کرے گی اور ملک کو اتفاق راے سے چلانے والوں کا ساتھ دے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News