
چائنیز پیپلز لبریشن آرمی کے 95ویں یوم تاسیس کے موقع پر جی ایچ کیو میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے تقریب میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر نے پیپلز لبریشن آرمی کی 95ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کی میزبانی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
نونگ رونگ نے کہا کہ چین اور پاکستان آہنی بھائی، ہر موسم کے دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین میں پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی کے حالیہ اجلاس نے فوجی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کے لیے مؤثر کام کرے گا۔
اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں جنہوں نے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اپنی لچک کو ثابت کیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پی ایل اے اور پاک فوج آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ہمارے تعلقات اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے دونوں ریاستوں، فوجیوں اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور چین کے دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News