
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون کے نئے اسپیل کے پیشِ نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب اور سرگودھا ڈویژن میں 23 سے 26 اگست تک مون سون کی تازہ لہر کا امکان ہے، دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 26 اگست تک ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں سے مزید پانی آنے کا خطرہ ہے۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 26 اگست تک ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں سے مزید پانی آنے کا خطرہ ہے جس سے دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کوہ سلیمان،سالٹ رینج سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے،جس سے علاقے میں سیلاب آسکتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی علاقوں سے لوگوں کے انخلاء کے لیے اقدامات کیے جائیں جبکہ سیلاب کی صورت میں فلڈ ریلیف کیمپس کے قیام اور لوگوں کے کھانے پینے کے پیشگی انتظامات مکمل کیے جائیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ تمام ادارے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
سندھ بھر میں کل سے تیز بارشوں کا امکان
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں کل سے تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کل سے بالائی سندھ اور وسطی سندھ میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہوا کم دباؤ اس وقت وسطی بھارت پر موجود ہے، یہ مزید شدت اختیار کر چکا ہے اس لیے کل تک یہ مشرقی سندھ میں داخل ہوگا اور کل سے بالائی سندھ اور وسطی سندھ میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ اس سسٹم کا مرکز 24 اگست تک وسطی سندھ پر آئے گا جسکے بعد زیریں سندھ سمیت کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 تا 25 اگست شہر قائد میں تیز بارش ہوسکتی ہے جبکہ بارش کا سلسلہ ممکن ہے کہ 26 اگست کی صبح تک جاری رہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا مزید کہنا ہے کہ اسکے بعد 10 دن تک مزید کوئی سسٹم آتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے البتہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں بارش ہوسکتی ہے۔
جولائی اور اگست کے دوران سندھ بھر میں کہاں کتنی بارش ہوئی، اعداد و شمار جاری
جولائی اور اگست کے دوران سندھ بھر میں ہونے والی بارشوں کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکہ موسمیات کی جانب سے سندھ بھر میں جولائی اور اگست کے دوران اب تک ہونے والی بارشوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔
جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں جولائی اوراگست میں اب تک سب سے زیادہ بارش پڈعیدن میں 1539.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موہنجودڑو میں 811.5 ملی میٹر، لاڑکانہ 721.3 ملی میٹر، ٹنڈو جام 689.9 ملی میٹر، خیرپور 660 ملی میٹر، جیکب آباد 654 ملی میٹر، چھور 610.9 ملی میٹربارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ روہڑی 581 ملی میٹر، بدین 543.2، سکرنڈ 538 ملی میٹر، سکھر 478.5 ملی میٹر ، دادو 471.9، شہید بے نظیرآباد 463 ملی میٹر، میرپور خاص 450 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ حیدرآباد 407 ملی میٹراور مٹھی میں 329 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News