
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کی جائے گی، پنجاب میں 15سال سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مدد کرتے وقت پارٹیوں کو نہیں دیکھنا چاہیے، شہباز شریف 15 سال اقتدار میں رہے لیکن کام کوئی نہیں کیا، شہری کوئی بےضابطگی دیکھیں تو فوری اطلاع کریں۔
مزید پڑھیں:بلوچستان؛ سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، ہلاکتیں 149 تک جا پہنچی
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی بنانی بہت ضروری ہے، سیلاب سے جتنی بھی سڑکیں تباہ ہوئی ہیں دوبارہ بنائی جائیں گی۔
ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران 434 افراد لقمہ اجل بن گئے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا کہ ملک بھر میں 36 ہزار گھروں کو نقصان ہوا جبکہ 24 ہزار 420 مویشی ہلاک ہو گئے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ملک بھر میں بارش کے نیتجے میں سیلاب، دیوار گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 175بچے، 73 خواتین اور 186 مرد موت کا شکار ہوئے۔
اس کے علاوہ بارشوں کے نتیجے میں 95 بچے، 165 خواتین اور 345 مرد زخمی ہوئے جبکہ 71 پل، 997 کلومیٹر سڑک اور 12 دکانیں تباہ ہو گئیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلے سے 7 ہزار 402 گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ 29 ہزار سے زائد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
سب سے زیادہ صوبہ بلوچستان میں 127 افراد جان سے گئے جن میں سے 46 بچے، 31 خواتین اور 50 مرد شامل ہیں جبکہ 70 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 14 بچے، 10 خواتین اور 46 مرد شامل ہیں۔
بلوچستان میں 23013 مویشی ہلاک، 9969 گھرجزوی اور 3351 گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 580 کلو میٹر سڑکیں تباہ ہوئیں۔
کے پی کے میں سیلابی ریلوں سے 83 افراد موت کا شکار ہوئے جبکہ 183 زخمی ہوئے، 271 مویشی پانی میں بہہ گئے، 746 گھر مکمل اور 2768 جزوی تباہ ہوئے جبکہ ساڑھے چھ کلو میٹرسڑک تباہ ہوئی۔
پنجاب میں مجموعی طورپر 102 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 31 بچے، 15 خواتین اور 56 مرد شامل ہیں جبکہ 275 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 35 بچے، 90 خواتین اور 150 مرد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ صوبہ پنجاب میں 12 مویشی ہلاک ہوئے، 6 گھرمکمل اور 77 جزوی تباہ ہوئے۔
این ڈی ایم اے نے دعوی کیا کہ صوبہ سندھ میں سیلابی پانی سے 104 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جن میں 51 بچے، 6 خواتین اور 47 مرد شامل ہیں۔
سندھ میں بارشوں سے 65افراد زخمی ہوئے جن میں سے 20 بچے، 17 خواتین اور 28 مرد شامل ہیں جبکہ 408 کلومیٹر سڑک تباہ ہوئی، 383 مویشی ہلاک، 16071 گھرجزوی اور 2956مکمل تباہ ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں 3بچوں سمیت 8 افراد ہلاک، 3 زخمی، 162گھرجزوی اور 283مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
آزاد جموں و کشمیر میں 1 بچے سمیت 9 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے جبکہ سیلاب سے 741 مویشی ہلاک، 5 دکانیں، 20 گھر جزوی اور 60 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News