
عمر سرفراز چیمہ
عمر سر فراز چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹولے نے ملک میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این آر او 2 کے تحت من پسند احتساب کی بندر بانٹ کے نتائج آنا شروع ہو گئے، احتساب عدالتوں کی جانب سے 50 سے زائد کرپشن کے ریفرنسز واپس کر دیئے گئے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ سازش کے تحت اقتدار حاصل کر کے اپنے کیسز ختم کرنے کے مشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے اور پی ڈی ایم کا ٹولہ پتلی گلی سے نکل گیا ہے۔
مشیرِ اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ شریف برادران، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو کلین چٹ مل گئی، عشروں ملکی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اب آزاد گھومیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے ملک میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے، اندھا بانٹے ریوڑیاں، مڑ مڑ اپنوں کو دے کی جیتی جاگتی مثال نیب ترمیمی بل ہے۔
مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی طاقتور اور کمزور کے لیے یکساں انصاف کا مشن لے کر حکومت میں آئی تھی، پی ڈی ایم ٹولے نے ایک بار پھر ملک کو عشروں پیچھے دھکیل دیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News