عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا لانگ مارچ پر امن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس کے دوران ارکان پارلیمنٹ نے لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کا اعلان کیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ قوم لانگ مارچ کی کال کی منتظر تھی، لانگ مارچ ضرور کامیاب ہوگا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے لانگ مارچ بڑا سوچ سمجھ کر پلان کیا ہے میرے ذہن میں اس کے سارے مقاصد ہیں، ہمارا لانگ مارچ پر امن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی مکمل حمایت کے باوجود ہم نے ان کو الیکشن میں شکست دی، ان کے لئے اب الیکشن موت آگئی ہے، قوم کے لئے باہر نکلا ہوں الیکشن کی تاریخ دینا ہی پڑے گی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنا بڑا کرائسسز کبھی نہیں آیا ، ان سے معیشت سنبھالی نہیں جا رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سارے ڈاکو کسی نا کسی 2 نمبر کام پر لگے ہوئے ہیں، مجھے ن لیگ میں کوئی ایماندار آدمی نظر نہیں آرہا اور جو نواز شریف کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے وہ بھی اس جرم میں شامل ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پارلیمانی پارٹی اور رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم مسلسل عدالتی پیشیاں بھگت رہے ہیں،میں اپنی جماعت سے کہتا رہا اگر ان سے نرم رویہ رکھا تو یہ آپ کو جھکائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی ، اسد عمر، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، عمر ایوب اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، عمر سرفراز چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، پنجاب بھر سے پی ٹی آئی کے ارکان صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
عمران خان اور پرویز الہٰی کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر بات چیت کی گئی جبکہ لانگ مارچ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام اورصوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے پروگرامز پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے ملک کی خراب معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات میں عمران خان اورچودھری پرویزالٰہی نے ارشد شریف کی شہادت کے واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور شفاف جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان کو ارشد شریف کی شہادت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیے، ارشد شریف کی والدہ،بیوہ اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کیساتھ ہیں، لانگ مارچ امپورٹڈ حکومت کو بہالے جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ مارچ شروع ہونے سے قبل ہی وفاقی حکومت کی چولیں ہل گئی ہیں، عمران خان پاکستان کے عوام کے لئے امید کی کرن ہیں، لانگ مارچ کو پورا سپورٹ کریں گے۔
ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ لانگ مارچ حقیقی آزادی کے لئے جہاد ہے، عوام کا جوش وخروش بتارہا ہے کہ لانگ مارچ نئی تاریخ رقم کرے گا۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
