
پاکستان کے سابق لیجنڈ اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ویرات کوہلی کو اب ٹی ٹوئنٹی سے رٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق ویرات کوہلی نے اتوار کو ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف ناٹ آوٹ 82 رنز بنائے تھے، کوہلی کی اس اننگز کی بدولت بھارت نے چار وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔
اس میچ میں بھارت نے ایک وقت پر 31 رنز پر چار وکٹ گنوا دیئے تھے اور جیت ناممکن لگ رہی تھی، لیکن کوہلی نے اپنے ٹی ٹوینٹی کیرئیر کی سب سے بہترین اننگز کھیلی۔
پاکستان کے سابق تیز گیند باز شعیب اختر نے بھی اس اننگ کے بعد ویرات کوہلی کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کوہلی نے اپنے کیرئیر کی سب سے بہترین اننگز پاکستان کے خلاف کھیلی ہے، وہ ایسی اننگز اس لئے کھیل پائے، کیونکہ اسے یہ یقین تھا کہ وہ ایسا کرسکتا ہے۔
شعیب اختر نے اپنے یو ٹیوب ویڈیو میں کہا کہ ویرات کوہلی گزشتہ تین سال سے فارم میں نہیں تھا، اس کے بلے سے رنز نہیں آ رہے تھے۔
راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ ویرات کوہلی کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا ، کئی لوگوں نے اس کے خلاف کئی طرح کی باتیں کیں، لوگوں نے اس کے اہل خانہ تک کو اس میں گھسیٹ لیا۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ویرات نے کسی کی پرواہ نہیں کی اور ٹریننگ کرتے رہے اور انہوں نے بہترین اننگ کھیلی،انہوں نے فیصلہ کیا کہ یہ جگہ اور یہ پلیٹ فارم ان کی واپسی کیلئے پوری طرح سے صحیح ہے۔
اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ کنگ از بیک اور واپسی بھی دھماکہ کے ساتھ ہوئی ہے اور میں حقیقت میں اس کیلئے خوش ہوں.
شعیب اختر نے اپنی اس ویڈیو میں ایک مرتبہ پھر ویرات کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ لینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اب کوہلی ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ لے لیں۔
سابق فاسٹ بالر کا مزید کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا کہ وہ اپنی پوری توانائی ٹی ٹوئنٹی میں لگائے، اگر جتنی توانائی اس نے پاکستان کے خلاف میلبورن میں لگائی وہی طاقت کوہلی ون ڈے میں لگائے تو مزید سنچریاں بنا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News