
کراچی میں دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے کا اضافہ
کمشنر کراچی نے دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے مقرر کردی۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی محمد اقبال کی سربراہی میں کمشنر آفس میں دودھ کی قیمت سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی میں دودھ کی قیمت کا تعین کیا گیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمشنر کراچی محمد اقبال نے کہا کہ دودھ کی 170 روپے سرکاری قیمت کا تعین اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سےکیا گیا، سرکاری قیمت پر ہر صورت عمل درآمد کروایا جائے گا اور کسی بھی شخص کوسرکار کی رٹ چیلنج کرنے نہیں دیں گے۔
اس سے قبل ڈیری فارمرز کی جانب سے رواں ماہ 17 اکتوبر کو دودھ کی قیمت میں اضافہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں شہر بھر میں دودھ 200 روپے فی لیٹر میں فروخت ہورہا ہے تاہم اس وقت تک سرکاری نرخ 120 روپے لیٹر تھی۔
علاوہ ازیں دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے دودھ کی بھری گاڑیوں پر کریک ڈاؤن کیا گیا اور اضافی قیمت پر دودھ کی سپلائی کے باعث کئی گاڑیاں سیل کردی گئیں۔
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے کہا کہ بجلی، ادویات، گیس، مویشیوں کے چارے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور یہ تمام عوامل تازہ دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنے ہیں۔
واضح رہے کہ سرکاری سطح پر 8 دسمبر 2021ء کو دودھ کی قیمت کا تعین ہوا تھا، جس کے بعد ڈیری فارمرز کی جانب سے متعدد بار قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، لیکن سرکاری سطح پر دودھ کی قیمت 120 روپے فی لیٹر ہی رکھی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News