ابوظہبی میں ہونے والی ٹی 10 لیگ کے فائنل میں دکن گلیڈی ایٹرز نے نیویارک اسٹرائیکرز کو 37 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں جاری ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا فائنل دکن گلیڈی ایٹرز اور نیویارک اسٹرائیکرز کے مابین کھیلا گیا، نیویارک اسٹرائیکرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
دکن گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے، دکن کے کپتان نکولیس پورن اور ڈیوڈ ویز کے مابین چوتھی وکٹ کی شراکت میں 74 رنز بنے۔
نکولیس نے 23 گیندوں پر 40 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ویز نے 18 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ گزشتہ سال کی ٹی 10 لیگ کے فائنل کے ہیرو آندرے رسل اس فائنل میں صرف 9 رنز ہی بنا سکے۔
نیویارک اسٹرائیکرز کے عقیل حسین کامیاب بولر تھے جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیرون پولارڈ اور وہاب ریاض نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں نیویارک اسٹرائیکرز کو پہلا نقصان محمد وسیم کی صورت میں ملا جو کوئی رن نہ بنا سکے، ایوئن مورگن بھی کھاتہ کھولے بنا پویلین لوٹ گئے۔
نیویارک اسٹرائیکرز کے اعظم خان نے وکٹ پر آتے ہی 2 چوکے اور ایک چھکا لگایا مگر ان کی اننگ کا 16 رنز پر ڈیوڈ ویز نے کیچ آؤٹ کر کے خاتمہ کیا۔
دائیں ہاتھ کی انجری کے ساتھ کپتان کیرون پولارڈ ٹیم کو مشکل سے نکالنے کے لیے میدان میں داخل ہوئے مگر 23 رنز کے بعد انہیں ہاتھ میں شدید تکلیف کے باعث میدان سے باہر جانا پڑا، وہ 23 رنز ہی بنا سکے۔
جارڈن تھامپسن نے 22 رنز بنائے، راشد خان بھی تیز کھیلنے کے چکر میں 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نیویارک اسٹرائیکرز کی ٹیم مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر صرف 91 رنز ہی بنا سکی، اور دکن گلیڈی ایٹرز نے 36 رنز سے فائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ڈیوڈ ویز کو آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی نکولیس پورن قرار پائے جنہوں نے ایونٹ میں 345 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
