پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے فلم ڈائریکٹر، فلم پروڈیوسر و رائیٹر سید نور کی ملاقات ہوئی جس میں فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے لاہور میں جدید ترین پروڈکشن سٹوڈیو بنانے کا اعلان کیا۔
پرویزالہٰی نے کہا کہ ایران کے ادارے فارابی اورترکی کے ساتھ مل کر فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کریں گے جبکہ لاہور میں جدید سینما کمپلیکس بھی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ایرانی اورترکش فلم میکرزکی معاونت سے فلم انڈسٹری کو بحال کیا جائے گا، جس طرح ایران اور ترکی میں علیحدہ ادارے قائم کر کے فلم انڈسٹری کو بحال کیاگیا،اسی طرح کا ادارہ پنجاب میں بھی قائم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان فلم میکرز کو پروڈکشن کے نئے رجحانات کی ٹریننگ دلائی جائے گی، ٹیوٹا کے اداروں میں فلم ٹیکنیشن کے جدید کورسزمتعارف کرائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لاہور کبھی آرٹ،کلچر اورفلم کا مرکز تھا، ن لیگ کی سابق صوبائی حکومت نے آرٹ، کلچر اورفلم کو بھی باقی شعبوں کی طرح تباہ کیا۔
پرویزالہٰی نے کہا کہ ہماری حکومت لاہور کو دوبارہ آرٹ،کلچر اورفلم کامرکز بنائے گی جبکہ پاکستانی فلم کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فنکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے 1 ارب روپے آرٹسٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے، مستحق فنکاروں کے لئے مالی امداد 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ پنجاب فن و ثقافت کے لحاظ سے زرخیز دھرتی ہے، عوام کو معیاری تفریح کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، فلم پروڈکشن میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر سید نور نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا اعلان خوش آئند ہے، چودھری پرویزالہٰی آرٹ اورکلچر سے محبت رکھتے ہیں، چودھری پرویزالہٰی کے مقامی فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
