
کراچی: ڈکیتی مزاحمت پہ طالبعلم کا قتل، ایک ملزم گرفتار
شہر کراچی میں ایک اور بے گناہ طالب علم اسٹریٹ کریمنلز کی گولیوں کا نشانہ بن گیا، یونیورسٹی روڈ پر موبائل فون چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر این ای ڈی یونیورسٹی کا طالب علم اپنی جان گنوا بیٹھا۔
پولیس کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی کے گیٹ کے بلکل سامنے چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ہوئے طالب علموں سے موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد موبائل فون چھین رہے تھے ، اس ہی دوران مزاحمت پر ڈکیتوں نے فائرنگ کر دی جس سے بلال ناصر دو گولیاں لگنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پہلے بھی این ای ڈی کے کئی طالب علموں سے موبائل فون چھین چکے ہیں، ڈکیتوں نے مزاحمت کرنے پر بلال کو قتل کیا اور فرار ہوگئے۔
مزید پڑھیں؛ کراچی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، 1 شخص جاں بحق جبکہ 1 شدید زخمی
پولیس کا یہ بھی کہنا ہےکہ مقتول کو دو گولیاں ماری گئیں، مقتول بلال پیٹرولیم میں انجینئرنگ کر رہا تھا۔
پولیس کا مزید کہنا ہےکہ بلال کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
کراچی میں طالب علم قتل کے معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یونیورسٹی روڈ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان کے جاں بحق ہونےکا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
مراد علی شاہ نے ڈاکوؤں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن تیز کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجھےنوجوان کے قاتل سلاخوں کے پیچھے چاہئیں۔
مزید پڑھیں؛ کراچی، رواں برس میں ڈکیتی مزاحمت پر 83 افراد قتل
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس قسم کے واقعات انتہائی تکلیف دہ ہیں جس کے سدباب کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے نوجوان کے والدین کو تفتیش سےآگاہ رکھنےکی ہدایت بھی کی۔
واضح رہےکہ رواں برس سے اب تک ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوٶں کے ہاتھوں قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد سو سے تجاوز کرچکی ہے مکر پولیس ان واقعات پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام دکھاٸی دیتی ہے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News