
حنا ربانی کھر
وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اس خطے میں ہے جہاں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔
حنا ربانی کھر نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارت ملوث ہے، بھارت کے خلاف ڈوزیئر میں شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے گا، واضح ثبوت ہیں بھارت دہشتگردی میں ملوث ہے۔
حنا ربانی نے کہا کہ بلوچستان سمیت دیگر شہروں میں دہشتگردی میں بھی بھارت ملوث ہے، سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس، کلبھوشن کی گرفتاری واضح ثبوت ہیں۔
‘بھارت دہشتگردی کر کے دوسرے ملک پر الزام تراشی کرتا ہے’
وزیر مملکت خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بہت سی قربانیاں دیں، کسی ملک کو دوسرے ملک پر دہشتگردی کا الزام لگانے سے فائدہ نہیں ہوتا، بھارت دہشتگردی کر کے دوسرے ملک پر الزام تراشی کرتا ہے، بھارت دہشتگردی کا الزام لگا کر دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔
انکا کہنا ہے کہ بھارت سلامتی کونسل قراردادوں کو قبول کر کے عملدر آمد سے انکاری ہے، بھارت اقوام متحدہ قراردادوں کو جھٹلاتا رہا ہے، بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے۔
‘عالمی ادارے بھارت کا احتساب کریں’
حنا ربانی نے کہا کہ پاکستان اس خطے میں ہے جہاں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔ بھارت پڑوسی ممالک میں عدم استحکام پھیلانے میں ملوث رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے بھارت کا احتساب کریں، ڈوزیئریواین سیکرٹری جنرل سمیت عالمی فورمز پر شیئر کریں گے۔
وزیر مملکت خارجہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے انٹرپول کے ذریعے ریڈوارنٹ جاری کیے گئے ہیں، عالمی اداروں کو دہشتگردی کی معاونت، سہولت کاری روکنے کےاقدامات کرنے چاہئیں۔
حنا ربانی کھر نے مزید کہا کہ پڑوسیوں کے گھروں کو آگ لگانے کی کوشش کریں گے تو آپ کے گھر میں بھی آگ لگے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News