پی اے سی کا اے این ایف اہلکاروں کیجانب سے رشوت وصول کرنے کی ویڈیو کا نوٹس
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایئرپورٹ پر اے این ایف اہلکاروں کی جانب سے رشوت وصول کرنے کی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی اے این ایف کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔
نورعالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں وزارت مواصلات کے 2019-20 کے آڈٹ اعتراضات زیر غور آئے۔ رکن کمیٹی شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ این ایچ اے ٹول ٹیکس اور موٹر وہیکل ٹیکس کیوں لیتی ہے، جی ٹی روڈ کا بدترین حال ہے اور این ایچ اے عملہ انتہائی بدتمیز ہے۔
چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ ہماری سڑکیں سیفٹی سمیت ہر لحاظ سے خراب ہیں۔ چیئرمین این ایچ اے کا کہنا تھا کہ موٹروہیکل ٹیکس صوبائی ٹیکس ہے، ٹول ٹیکس شاہرات کی مرمت کیلئے لیا جاتا ہے، جو ٹول ٹیکس ہم لیتے ہیں وہ پورے پاکستان کی قومی شاہرات کی مرمت کیلئے ہوتا ہے، این ایچ اے 15 ہزار کلو میٹر شاہرات کی مینٹیننس کرتی ہے۔ یہ ٹیکس ان سڑکوں کی مرمت کیلئےناکافی ہے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ممبر فنانس این ایچ اے سے استفسار کیا کہ سالانہ کتنا ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے جس کا وہ جواب نہ دے سکے، ممبر فنانس نے جواب دیا کہ اس حوالے سے فی الحال معلوم نہیں ہے۔
چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ ممبر فنانس کو معلوم نہیں موٹروے پر کتنی گاڑیاں سفر کرتی ہیں اور کتنا ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے۔ جب معلومات نہیں ہوتیں تو اجلاس میں اتنی بڑی تعداد میں افسران کو کیوں ساتھ لے آتے ہیں۔
چیئرمین پی اے سی نے این ایچ اے کے اضافی افسران کو پی اے سی سے نکلنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ جوائنٹ سیکرٹری سطح سے کم کا کوئی افسر پی اے سی میں نہ آئے۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے این ایف حکام کی جانب سے رشوت لینے کی ویڈیو کے معاملہ پر پی اے سی نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ کمیٹی ارکان نے کہا کہ ویڈیو میں اے این ایف حکام ائیرپورٹ پر رشوت لیتے نظر آرہے ہیں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے رشوت کے معاملے پر ڈی جی اے این ایف کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔
پی اے سی نے اسلام آباد کلب کی ممبر شپ فیس میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد کلب انتظامیہ کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔ نورعالم خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کلب 20 سے 30 لاکھ روپے میں ممبرشپ بیچ رہا ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایف سی اور موٹر وے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش کر دی۔
پی اے سی نے تین سال سے ایک ہی عہدے پر رہنے والے افسران کے تبادلے کی بھی سفارش کر دی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
