
شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کل دوپہرتک ملتوی
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کل دوپہرتک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر کی عدالت میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔
پراسیکوٹر عدنان اور مدعی وکیل محمد سلمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے اورعدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر ہائی کورٹ گیا تھا، ابھی تک ریکارڈ لے کر کچہری نہیں آیا۔
مدعی وکیل کی جانب سے دو روز کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جس میں کہا گیا کہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر تیاری کرنی ہے، دو روز درکار ہیں جس پر جج عمر شبیر نے کہا کہ دو روز تو نہیں لیکن ایک دن کا وقت دے دیتا ہوں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمرشبیر نے شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست پرسماعت کل دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک ملتوی کر دی۔
شیخ رشید کے وکیل سردارعبد الرازق نے عدالت سے شیخ رشید سے ملاقات کی استدعا کی جس پر عدالت نے کہا کہ شیخ رشید اب تو جیل میں ہیں آپ ملاقات کرلیں۔
اس سے قبل آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو کراچی میں موچکو اور لسبیلہ میں شیخ رشید کے خلاف درج مقدمات پر کارروائی سے روکتے ہوئے شیخ رشید پر درج ایف آئی آرز معطل کردیں اور بار کونسلز، اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹسز جاری کیے۔
واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت میں پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم سنایا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News