
پاکستان میں سکھ برادری اور ان کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں، وفاقی وزیر
وفاقی وزیر عبد الشکور نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکھ برادری اور ان کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور سے پاکستانی سکھ برادری کے20 رکنی نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سکھوں کے نمائندہ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں اہل مذاہب اور لا دین طبقہ کے درمیان سخت کشمکش ہے، تمام مذاہب کے ماننے والے یکجا ہو کر اپنے مذاہب کی اچھائیوں کو اجاگر کریں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے یہ بھی کہا کہ ننکانہ صاحب کے بغیر سکھ مذہب کی عبادت ادھوری ہے، پاکستان میں سکھ برادری اور ان کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں۔
مفتی عبد الشکور کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے اعتبار سے مثالی ملک ہے، 1999 میں سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے قیام کے بعد عبادت گاہوں کے انتظام میں مزید بہتری آئی ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان کی جانب سے کرتارپور آنے والے زائرین کو بہت مشکلات کا سامنا ہے،سکھ وفد کی جانب سے پاکستانی سکھ برادری کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔
وفد کی سربراہی سردار امیر سنگھ، پردھان پاکستان سکھ گرودوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) نے کی جبکہ رکن قومی اقلیتی کمیشن ڈاکٹر ممپال سنگھ ، ننکانہ صاحب اور حسن ابدال سے متعدد سکھ رہنما بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News