سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کے خلاف اپیل خارج
سپریم کورٹ نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کیخلاف اپیل خارج کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے تبادلے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالتِ عظمٰی نے اُن کے تبادلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی۔
وکیل عابد زبیری نے مؤقف اپنایا کہ تبادلے کیخلاف میں غلام محمود ڈوگر کی اپیل واپس لیتا ہوں، وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ نگراں حکومت کے قیام کے بعد الیکشن شیڈول جاری ہو چکا ہے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیارکیا کہ آرٹیکل 218 کے تحت صاف شفاف الیکشن کروانا ہماری ذمہ داری ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے بیوروکریسی میں تبادلے کرنا بھی الیکشن کمیشن کا اختیارہے۔ نگران حکومت بھی الیکشن کمیشن کی منظوری سے کسی افسر کا تبادلہ کرسکتی ہے۔
جسٹس یحیٰی آفریدی نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن ٹرانسفر اور پوسٹنگ کا اختیار کب استعمال کرتا ہے؟
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آرٹیکل 218 کے تحت صاف شفاف الیکشن یقینی بنانے کیلیے تبادلوں کا اختیار الیکشن کمیشن استعمال کرتا ہے۔ ثابت ہوگیا کہ نگران حکومت تبادلے الیکشن کمیشن کی اجازت سے کرتی ہے، الیکشن کمیشن خود سے بھی نگران حکومت کو افسران کے تبادلوں کے احکامات دے سکتا ہے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان کے اہم ریمارکس کی خبر بھی پڑھیں۔
جسٹس یحیٰی آفریدی نے پوچھا کہ الیکشن کمیشن نے غلام محمودڈوگر کے تبادلے کی منظوری کب دی؟ وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کو سی سی پی او لاہور کے تبادلے کی زبانی منظوری 23 جنوری کو دی۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ نگران حکومت نے الیکشن کی شفافیت کے لیے تمام بیوروکریسی کو تبدیل کرنے کا پالیسی فیصلہ کیا۔ الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کے اس فیصلے کی منظوری دی۔
چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کا اختیار بڑا وسیع ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں برابری کا موقع ملنا چاہیے، الیکشن کمیشن کو نگران حکومت کو تبادلوں کا کھلا اختیار نہیں دینا چاہیے۔ نگران حکومت سے الیکشن کمیشن کو ایسے تبادلے سے متعلق پوچھنا چاہیے۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں قائم بنچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کے خلاف اپیل خارج کردی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
