
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نےکہا ہے کہ نگران حکومت کا آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں اہم کردار ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت سول افسران کا اہم اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد اعظم خان نے کہا کہ سرکاری افسران فرائض کی انجام دہی میں کوئی دباو قبول نہ کریں، میرٹ اور شفافیت ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سول افسران کے لئے قائداعظم محمد علی جناح کی 1948 میں کی گئی تقریر مشعل راہ ہے، قائداعظم کا فرمان ہے کہ سرکاری ملازمین انتہائی لگن، دیانتداری اور غیر جانبداری سے کام کریں۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے یہ بھی کہا کہ بابائے قوم کے فرمودات پر سول افسران سختی سے عمل پیرا ہوں، نگران حکومت کا آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں اہم کردار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں کی گئی غیر قانونی بھرتیوں کی رپورٹ پیش کی جائے، تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر انتخابی ماحول فراہم کرینگے۔
محمد اعظم خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر مجاز افراد اور افسران سے سرکاری گاڑیاں واپس لی جائیں ، سرکاری افسران تمام فیصلے صرف اہلیت، انصاف اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو دیکھتے ہوئے کریں، سول افسران کو فرائض سرانجام دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرینگے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ضروری اخراجات کم کرکے کفایت شعاری پر سختی سے عمل کیاجائے، کرپشن کیسز سے متعلق رپورٹ فوری دی جائے، چیف سیکرٹری تمام محکموں کے ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیں اور رپورٹ پیش کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News